پڈوچیری : پڈوچیری کی لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی کو واپس بلائے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس کی قیادت میں سیکولر ڈیموکریٹک الائنس (ایس ڈی اے ) کی جانب سے انا جنکشن کے نزدیک چلائے جارہے چار روزہ دھرنے کا اتوار کو تیسرا دن تھا۔ایس ڈی اے کا الزام ہے کہ لیفٹننٹ گورنر کرن بیدی مرکزکے زیر انتظام ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کررہی ہیں اور انتظامیہ کے روزانہ کاموں میں مداخلت کررہی ہے ۔ایس ڈی اے نے محترمہ بیدی کو ہٹائے جانے کے مطالبے کے سلسلے میں 8 جنوری سے ہی چار روزہ دھرنے کا آغاز کر دیا ہے ۔بارش کے باوجود اس دھرنے میں شامل وزیراعلی وی نارائن سامی اور دیگر سیاسی پارٹیوں کے رہنما بھی مسلسل دو دنوں تک پنڈال میں ہی موجود رہے ۔ مسٹر نارائن سامی دھرنے کے مقام سے ہی اپنے دفتر کا کام کاج دیکھ رہے ہیں۔ وزیراعلی نے آج صبح کانگریس کے اہم اتحادی ڈی ایم کے سے بھی دھرنے میں شامل ہونے کی اپیل کی اور اسے مرکز کے زیر انتظام ریاست کے فلاح و بہبود کے حق میں بتایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایم کے نے راج نیواس کے آگے 2019 میں منقد غیر معینہ مدت کے دھرنے میں حصہ لیا تھا اور اس بار بھی اسے دھرنے میں حصہ لینا چاہئے ۔