پڈوچیری : مرکز کے زیر انتظام ریاست پڈوچیری کے ریاستی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر وی سامیناتھن نے اتوار کو کہا کہ بی جے پی اور این آر کانگریس کے مابین کابینہ میں توسیع کا معاملہ حل کرلیا گیا ہے ۔مسٹر سامی ناتھن نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ بی جے پی کی جانب سے این آر کانگریس کو کوئی پریشانی نہیں ہے اور کابینہ میں توسیع جلد کی جائے گی اور وزیر اعلی این رنگاسامی وزرا کی فہرست جاری کریں گے ۔
بی جے پی کی قانون ساز پارٹی کے رہنما اے نماسیوائم نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے مابین ہونے والی بات چیت کے دوران بی جے پی نے ریاست کی عوام کے مفاد میں فیصلہ کیا جس کے بعد یہ بحث ختم ہوگئی۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا بی جے پی نے نائب وزیر اعلی کے عہدے کا مطالبہ واپس لے لیا ہے ، مسٹر نماسیوائم نے بتایا کہ اس معاملے میں اعلی قیادت جانکاری دیں گے ۔ واضح رہے کہ 30 رکنی اسمبلی انتخابات میں 16 سیٹوں پر جیت اور بی جے پی کی حمایت کے خط کے ساتھ مسٹر رنگاسامی نے گزشتہ سات مئی کو وزیراعلی کے عہدہ کا حلف لیا، حالانکہ بی جے پی کی جانب سے کابینہ میں اپنے تین وزرا اور اسپیکر کے عہدے کا مطالبہ اور وزیراعلی کی جانب سے رضامند نہ ہونے کی وجہ سے کابینہ کی توسیع معطل ہے ۔