خاتون کی چیخ و پکار سے پڑوسی چوکس ، ایک سارق کو پکڑ لیا گیا
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : پڑوسن کو سارقوں کے حملہ سے بچانے کے دوران ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا ۔ جہاں نامعلوم سارقوں کے قاتلانہ حملہ میں چرنجیلو شدید زخمی ہوگیا ۔ چندا نگر پولیس حدود کے گوپن پلی علاقہ میں کل رات یہ واردات پیش آئی ۔ مکان میں تنہا خاتون کو دیکھتے ہوئے تین نامعلوم افراد اس خاتون انوسیا کے مکان میں داخل ہوئے اور خاتون کو اپنے قابو میں کرلیا ۔ خاتون کے گلے اور کانوں سے طلائی زیورات کو چھیننے کیلئے ان نامعلوم سارقوں نے کوشش کی ۔ اس دوران خاتون کی چیخ و پکار سے پڑوسی چوکس ہوگئے۔ اس دوران انوسیا کو سارقوں کے چنگل سے بچانے کیلئے چرنجیلو پہونچا اور اس نے کوشش کی تاہم چرنجیلو پر جان لیوا حملہ کرتے ہوئے نامعلوم سارق فرار ہوگئے ۔ جن میں ایک کو مقامی عوام نے تعاقب کے بعد پکڑ لیا اور دو افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور سارقوں کی تلاش جاری ہے ۔۔ ع