بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنے کی تاکید‘ سداسیوپیٹ میں جلسہ، مولانا غیاث احمد رشادی کا خطاب
سداسیوپیٹ۔ 12؍اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ صفا بیت المال شاخ سداسواپیٹ کی جانب سے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے عنوان پر ایک جلسہ منعقد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا غیاث احمد رشادی صدر بیت المال و رکن مسلم پرسنل لا بورڈ نے شرکت کرتے ہوئے خطاب کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں مسلمانوں کا یہ حال ہے کہ مسلمان اپنے علماء کرام سے دینی معاملات پر معلومات حاصل کرتے ہیں لیکن اپنی روزمرہ زندگی تجارت رشتہ داری تعلقات لین دین کے تعلق سے اپنے علماء سے رجوع نہیں ہوتے اور ان تمام مسائل پر دینی انداز میں معلومات حاصل نہیں کرتے۔لہٰذا امت مسلمہ کو چاہیے کہ آج کے دور میں اپنے بچوں کو دین کی تعلیم سے اراستہ کروائیں دینی معلومات سے آراستہ کروائیں اور اپنی زندگی کو رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے راستے پر چلانے کی ترغیب دلائیں۔آج کے دور میں مسلمان رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کے دعوے تو کرتے ہیں لیکن ان کی بتائے ہوئے تعلیمات پر عمل نہیں کرتے۔ آج قوم کا یہ حال ہے کہ قوم اپنے پڑوسیوں کے حقوق مار رہی ہے اپنے رشتہ داروں کے حقوق مارتی ہے اور یہ دم بھرتی ہے کہ ہم رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی امتی ہیں اور ان کی سنتوں پر عمل کرتے ہیں۔انہوں نے خواتین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج کل جتنے بھی رشتہ داریوں میں دوریاں پیدا ہو رہی ہیں ان میں زیادہ تر حصہ خواتین کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ لہٰذا خواتین کو چاہیے کہ وہ رشتہ داریوں میں دوری پیدا کرنے کے بجائے۔رشتہ داریوں میں محبت پیدا کریں۔ اسلام میں معاف کرنے والوں کا مرتبہ بہت بڑا ہے۔اس جلسے سے مولانا اسلم سلطان قاسمی ضلع صدر جمعیت علمائے ہند اور مولانا عتیق احمد قاسمی صدر صفا بیت المال ظہیر اباد نے بھی خطاب کیا۔ مولانا عبدالعلیم کے قرآت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ جلسے میں نعتیہ نذرانہ حافظ سلیمان سلطان پوری نے پیش کیا۔جلسے کی صدارت مولانا جمال الدین صدر صفا بیت المال شاخ سداسیواپیٹ نے کی۔نظامت کے فرائض مولانا رزاق نے انجام دئیے۔جلسے کے اختتام پر صفا بیت المال کی جانب سے منعقد کیے جانے والے مفت ٹیلرنگ سینٹر میں ٹریننگ حاصل کرنے والے خواتین کو سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے گئے اور مستحقین میں وظائف تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر الحاج محمد اشفاق حسین صدر خدمت بینک ، شیخ غوث پاشا صدر ایم ائی ایم ، مولانا عباس, مولانا حامد ،حافظ شفیع ،مولانا نصیر ، مولانا رومی ، مولانا عبدالسمیع ، مولانا اشواق ، مولانا تبریز ، مولانا عتیق ،ومفتی مصطفیٰ ، حافظ سمر حافظ یونس ، مولانا اکرام ،حافظ اظہر ،حافظ مقبول ،مولانا حسین کے علاوہ مقامی علماء کرام و حفاظ کرام کی کثیر تعداد کے علاوہ مرد و خواتین کی کافی تعداد موجود تھی۔اور جلسے کا اختتام مولانا غیاس احمد رشادی کی دعا پر کیا گیا۔