پڑوسیوں کی رسوائی اور گالی گلوج سے دلبرداشتہ شخص کی خودکشی

   

حیدرآباد /4 ستمبر ( سیاست نیوز ) پڑوسیوں کی رسوائی اور مبینہ گالی گلوج سے دلبرداشتہ ایک نوجوان نے خودکشی کرلی ۔ یہ واقعہ چیوڑلہ پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 22 سالہ سریدھر نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سریدھر پیشہ سے کسان تھا جو چیوڑلہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ کل یہ نوجوان والدہ کی سہیلی کے مکان گیا تھا اور واپس ہو رہا تھا کہ اس دوران تین افراد نے جن کے نام پولیس نے محسن ،معین اور شنکر چاری بتائے گئے ہیں ۔ سریدھر کا راستہ روک لیا اور اس کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے اس کی رسوائی کی ۔ اس بات سے شدید ذہنی تناؤ کا شکار اس نوجوان نے نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ چیوڑلہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔

ٹرین حادثہ میں ایک شخص کی موت
حیدرآباد /4 ستمبر ( سیاست نیوز ) فلک نما اور بدویل کے درمیان ریلوے لائین پر پیش آئے ٹرین حادثہ میں ایک نوجوان ہلاک ہوگیا ۔ ریلوے پولیس کاچی گوڑہ کے مطابق 18 سالہ شہباز جو فاروق نگر وٹے پلی علاقہ کا ساکن تھا ۔ کل رات یہ لڑکا بدویل اور فلک نما کے درمیان ریلوے لائین کو عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ ریلوے پولیس کاچی گورہ نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔