پڑوسی سے ملاقات پارٹی سے انحراف نہیں : عامر شکیل

   

میں کسی سے خوفزدہ نہیں، ٹی آر ایس میں برقرار رہوں گا
حیدرآباد۔/14 ستمبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی عامر شکیل نے بی جے پی میں شمولیت سے متعلق اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے ریمارک کیا کہ پڑوسی گھر والے سے ملاقات کرنے کو پارٹی تبدیل کرنا نہیں کہا جاسکتا۔ اسمبلی کی لابی میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت میں عامر شکیل نے بی جے پی میں شمولیت کی اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ اگر انہیں شمولیت اختیار کرنی ہے تو وہ علی الاعلان یہ قدم اٹھائیں گے وہ کسی سے ڈرنے اور گھبرانے والے نہیں۔ وہ دیوار کی بلی کی طرح نہیں رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق میں میں نظام آباد ضلع بی جے پی صدر کی حیثیت سے کام کرچکا ہوں۔ رکن پارلیمنٹ اروند کا گھر میرے مکان کے پڑوس میں ہے اسی طرح میری ان سے ملاقات ہوئی۔ اروند سے ملاقات میں کیا غلطی ہے۔ ڈی سرینواس بھی ہمارے گھر کو آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی تبدیلی کی اطلاعات سے ٹی آر ایس کے بعض قائدین خوش دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مسلم رکن اسمبلی کی حیثیت سے وہ کس طرح بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے اُن پر مختلف مقدمات کی خبروں کو خارج کردیا اور کہا کہ اگر ان کے خلاف ایک بھی مقدمہ ثابت کردیا جائے تو وہ اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دے دیں گے۔سابق میں ان پر موجود دونوں مقدمات میں وہ بے قصور ثابت ہوچکے ہیں۔ بودھن کے رکن اسمبلی نے کہا کہ پارٹی تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور وہ ٹی آر ایس میں برقرار رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ٹی آر ایس کے بعض قائدین انہیں پارٹی سے باہر کرنے کی سازش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ شامل ہونے چاہیں گے تو پہلے اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دے دیں گے۔