نئی دہلی : مرکزی حکومت نے پڑوسی ممالک میں منکی پاکس کے کیسز پائے جانے کے بعد ملک میں الرٹ جاری کیا ہے۔ تمام سرحدوں اور ہوائی اڈوں پر نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔تمام ریاستی حکومتوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ منکی پاکس کے معاملات پر نظر رکھیں۔تاہم اب تک ملک میں منکی پاکس کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ مرکزی حکومت نے دہلی کے تین اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان اسپتالوں میں آر ایم ایل، صفدرجنگ اور لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج شامل ہیں۔مرکزی وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق، عہدیداروں نے ماہرین کے ساتھ میٹنگ کی تاکہ موجودہ منکی پاکس وائرس کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ وائرس پچھلے وائرس سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والا ہے۔منکی پاکس کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں موت کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ لیکن بھارت میں اس وائرس کا اثر پڑنے کا امکان بہت کم ہے۔ ماہرین نے یہ بھی کہا ہے کہ منکی پاکس کا کورونا سے کوئی تعلق نہیں ہے۔