پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیل کودبھی ضروری: سسودیا

   

نئی دہلی۔ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے ہفتہ کو کہا کہ دارالحکومت کے اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے کو عالمی معیار کا بنانے کے ساتھ ساتھ بچوں کو کھیلوں کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے شاندار اسپورٹس انفراسٹرکچر تیار کیا جا رہا ہے ۔ سسوڈیا نے ہفتہ کو یہاں ایس کے وی پاکٹ۔ 4 فیز۔ 1 میور وہار اور ایس کے وی چندر وہار میں سیمی اولمپک سائز کے سوئمنگ پول کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ان سوئمنگ پولس کے ذریعے ہمارے اسکولوں میں زیر تعلیم تمام بچوں کو بہترین تربیت ملے گی اور ان میں سے بہت سے بچے قومی اور بین الاقوامی سطح پر میڈل لا کر ملک کا سر فخر سے بلند کرنے کا کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 4-5 سال پہلے تک دہلی کے سرکاری اسکول کی عمارتیں خستہ حال تھیں لیکن اب نہ صرف دہلی کے سرکاری اسکول کا انفراسٹرکچر دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں جیسا ہوگیا ہے بلکہ یہاں بچوں کو کھیلوں کی بہترین سہولتیں بھی مل رہی ہیں۔ | انہوں نے کہا کہ بچوں کی 360 ڈگری نشوونما کے لیے پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیل بھی بہت ضروری ہے ۔ دہلی حکومت دہلی کے بچوں کو بہتر تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔ اس سمت میں دہلی حکومت اپنے اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے کو عالمی معیار کا بنانے کے ساتھ ساتھ اس میں عالمی معیار کے کھیلوں کی سہولیات بھی تیار کر رہی ہے تاکہ ہمارے بچوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات اور تربیت مل سکے اور وہ ملک کے لیے تمغے لا کر ملک کا نام روشن کریں۔