پکنک سے لوٹ رہے نوجوانوں پر فائرنگ

   

7 کی موت ،پاکستان کے خیبر پختونخوا میں دل دہلا دینے والا واقعہ

خیبرپختونخوا۔17؍اگست ( ایجنسیز ) پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں پکنک سے واپس لوٹ رہے کچھ نوجوانوں پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا۔ اس حملے میں کم از کم سات افراد کی موت ہوگئی اور ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ مرنے والے اور زخمی ہونے والے سبھی افراد ایک ہی گاؤں کھارا گری محمد زئی کے رہنے والے تھے اور ٹانڈہ ڈیم پر پکنک منا کر واپس لوٹ رہے تھے۔یہ حملہ ہفتہ کی رات کوہاٹ ضلع کے علاقے ریگی شینو خیل میں ہوا۔ یہ علاقہ پشاور سے تقریباً 65 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔ پولیس کے مطابق جیسے ہی یہ لوگ اپنے گاؤں واپس جا رہے تھے کہ پہلے سے گھات لگائے بیٹھے نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ اس قدر بھیانک تھی کہ سات افراد کی موقع پر موت ہوگئی جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم اور پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کوہاٹ پہنچا دیا گیا۔ بعد ازاں شدید زخمی نوجوان کو بہتر علاج کے لیے پشاور ریفر کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والے اور زخمی ہونے والے تمام افراد دوست تھے۔فائرنگ کے اس واقعہ کے بعد علاقہ میںخوف و ہراس کا ماحول دیکھا گیا ۔ پولیس سرگرمی سے خاطیوں کی تلاش کررہی ہے ۔