ہوٹلوں اور دیگر بڑے خریداروں کی مانگ میں 35 فیصد کمی
نئی دہلی ۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پکوان میں استعمال ہونے والے تیل کی ریٹیل فروخت میں اضافہ ہورہا ہے لیکن بڑے پیمانے پر اس کی خریداری کرنے والے جیسے ہوٹلس، بیکریز اور کیفے ٹیریا وغیرہ کی مانگ میں کمی واقع ہوئی۔ انڈین ویجیٹیبل آئیل پرو ریسرچ اسوسی ایشن کے صدر سدھاکر دیسائی کے مطابق اس سال پکوان تیل کے بڑے خریداروں کی جانب سے اس کی خریداری میں 30 تا 35 فیصد کمی ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں میں استعمال کیلئے تیل کی مانگ میں اضافہ ہوگا۔ ہوٹلس اور ریسٹورانٹس بند ہونے کی وجہ سے صارفین گھر پر ہی زیادہ پکوان کررہے ہیں جس کیلئے تیل کی زیادہ طلب ہوتی ہے۔ اڈانی وال مارٹ کے ڈپٹی چیف ایگزیکیٹیو آفیسر انگشو ملک نے بتایا کہ کوروناوائرس کی وباء سے بچاؤ کیلئے ملک گیر لاک ڈاؤن کے بعد گذشتہ ماہ تیل کی طلب میں 10 تا 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہیکہ تیل کی مانگ میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے اور لاک ڈاؤن کے دوران اورینج اور گرین زون میں رعایتوں کے بعد 15 مئی سے اس کی مانگ میں اضافہ کی توقع ہے۔ گذشتہ ماہ ملک میں پیاکنگ آئیل کی فروخت 1.2 ملین ٹن تھی جن کے منجملہ 60 فیصد تیل گھروں کے استعمال کیلئے فروخت کیا گیا ہے جبکہ ماباقی بڑے خریداروں نے حاصل کیا ہے۔ اس مدت کے دوران بڑے خریداروں کو نصف مقدار فروخت کی گئی۔ بیکری شعبہ کی جانب سے 40 فیصد آرڈرس کی بحالی ہوئی ہے جبکہ فیکٹریوں اور کمپنیوں کے دوبارہ کھلنے کے بعد ادارہ جاتی فروخت میں اضافہ متوقع ہے۔
