پکوان گیاس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف سی پی آئی کی ریالی

   

عوام کو ناقابل برداشت بوجھ، عزیز پاشاہ ، وینکٹ ریڈی اور سامبا سیوا راؤ کی شرکت کی

حیدرآباد۔2 ۔مارچ (سیاست نیوز) سی پی آئی کی جانب سے آج حمایت نگر جنکشن پر احتجاجی ریالی منظم کرتے ہوئے گھریلو اور کمرشیل گیاس سلینڈرس کی قیمتوں میں اضافہ پر احتجاج کیا گیا۔ سی پی آئی کے قومی اور ریاستی قائدین نے ریالی میں شرکت کی۔ قائدین نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی حکومت مخصوص صنعتی گھرانوں کے مفادات کے لئے کام کر رہی ہے ۔ حکومت کو عوام بالخصوص غریبوں کی بھلائی سے کوئی دلچسپی نہیں۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ ، قومی سکریٹریٹ کے رکن چاڈا وینکٹ ریڈی ، ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ اور دیگر قائدین نے کہا کہ گزشتہ 8 برسوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوچکا ہے ۔ پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیاس کی قیمتوں پر قابو پانے میں مودی حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ سی پی آئی قائدین نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف بائیں بازو کی جماعتیں قومی سطح پر احتجاج منظم کریں گی۔ سی پی آئی کے حیدرآباد ضلع کمیٹی نے احتجاجی ریالی کا اہتمام کیا تھا۔ قومی و ریاستی قائدین کے علاوہ ریاستی سکریٹریٹ کے ارکان وی ایس بوس ، ای ٹی نرسمہا ، کے یادگیری اور سی پی آئی کی محاذی تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی۔ سید عزیز پاشاہ نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے پکوان گیاس سلینڈر کی قیمت کو 400 روپئے سے بڑھاکر 1200 روپئے تک پہنچادیا ہے۔ عوام مہنگائی کا بوجھ مزید برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔ پکوان گیاس پر 50 روپئے کمرشیل گیاس سلینڈر پر 350 روپئے کے اضافہ سے فی الفور دستبرداری اختیار کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کو گیاس پر سبسیڈی میں اضافہ کرتے ہوئے عوام کو راحت پہنچانی چاہئے۔ر