پکوان گیاس کے بحران پر حیدرآباد میں کانگریس کا احتجاج

   

لوک بھون کے گھیراؤ کی کوشش، وزیراعظم اور مرکزی حکومت کے خلاف نعرہ بازی

حیدرآباد ۔25 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ملک میں پکوان گیاس کے بحران اور سلینڈر کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ضلع کانگریس کمیٹی خیریت آباد کی جانب سے احتجاج منظم کیا گیا۔ صدر ضلع کانگریس کمیٹی موہت مدیراج کی قیادت میں کانگریس کارکنوں کی کثیر تعداد نے احتجاج میں حصہ لیتے ہوئے مرکزی حکومت اور وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے لگائے ۔ احتجاجی ریالی کا مجسمہ اندرا گاندھی سے آغاز ہوا اور لوک بھون کے قریب دھرنا منظم کیا گیا ۔ 800 سے زائد کارکنوں بشمول خواتین نے خالی سلینڈرس کے ساتھ دھرنا منظم کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر صورتحال سے نمٹنے میں ناکامی کا الزام عائد کیا۔ صدر ضلع کانگریس روہت مدیراج ، سابق صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ اور دیگر قائدین نے گورنر کے دفتر پہنچ کر یادداشت حوالے کی۔ کانگریس قائدین نے الزام عائد کیا کہ ایل پی جی سلینڈرس کی قیمتوں پر قابو پانے میں مرکز ناکام ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر فرٹیلائیزرس امریکہ کے متنازعہ ایبسٹین فائل میں شامل ہیں۔ کانگریس کارکنوں نے لوک بھون کے گھیراؤ کی کوشش کی۔ صدر ضلع کانگریس نے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں میں ملک کی معیشت تباہ ہوچکی ہے اور غریب اور متوسط خاندان مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ایشیاء میں جنگ کی صورتحال کے باوجود گیاس کی سربراہی کیلئے مرکز نے کوئی حکمت عملی طئے نہیں کی۔ پکوان گیاس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے عوام پریشان ہیں۔1