پکوان گیس سیلنڈر بکنگ کے اندرون دو گھنٹے ڈیلیوری

   


استفادہ کے لیے قیمت پر 25 روپئے اضافی وصولی ، 16 جنوری سے گریٹر حیدرآباد میں تجربہ
حیدرآباد :۔ اب عام شہریوں کو پکوان گیس سیلنڈر کے مشکلات سے چھٹکارا ملے گا ۔ بکنگ کے اندرون دو گھنٹے گیس سیلنڈر آپ کے گھر پہونچ جائے گا ۔ انڈین آئیل کارپوریشن ( آئی او سی ) نے ایک سیلنڈر رکھنے والے صارفین کو تتکال میں گیس بک کرنے پر یہ سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ’ سلابھارتا جیونم ‘ نظام کے تحت ریاست تلنگانہ میں تجربہ کے طور پر گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 16 جنوری سے اس اسکیم پر عمل کرنے کے لیے عہدیداروں کی جانب سے تیاریاں کی گئی ہیں ۔ مرکزی حکومت نے اس نئے نظام پر پہلے یکم فروری سے عمل کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ تاہم تہوار کے پیش نظر ہفتہ سے عمل کرنے سے اتفاق کیا گیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میں عمل کرنے کے بعد نشاندہی کردہ امور کی بنیاد پر ریاست کے دوسرے علاقوں میں اس نظام کو توسیع دینے کا عہدیداروں نے منصوبہ تیار کیا ہے ۔ تتکال میں بک کردہ گیس سیلنڈر کے لیے صارفین کو عام قیمت سے 25 روپئے زیادہ ادا کرنا ہوگا ۔ کام کے دنوں میں صبح 8 تا دوپہر 2 بجے تک سیلنڈر بک کرنے والے صارفین کو ہی تتکال کے تحت اندرون دو گھنٹے گیس سیلنڈر ڈور ڈیلوری کی جائے گی ۔ اس نظام سے استفادہ کرنے کے لیے عہدیداروں کی جانب سے نیا ایپ تیار کیا جارہا ہے ۔ رسید کی ضرورت کے بغیر آن لائن بکنگ کی بنیاد پر پکوان گیس ڈیلیوری کی جائے گی ۔ گیس سیلنڈر کی قیمت کتنا ادا کرنا ہے اس کی صارفین کو معلومات فراہم کی جائے گی ۔۔