بی جے پی عوام پر ظلم ڈھانے والی جماعت، ہریش راؤ کا الزام۔ سڑکوں پر پکوان ، خالی سلینڈرس کے ساتھ مظاہرے
حیدرآباد۔/2 مارچ، ( سیاست نیوز) پکوان گیس کی قیمتوں میں فی سلینڈر 50 روپئے اضافہ کردینے کے خلاف ریاست بھر میں بی آر ایس کی جانب سے احتجاجی دھرنے منظم کئے گئے۔ سڑکوں پر پکوان کرتے ہوئے احتجاج کیا گیا۔ ان احتجاجی مظاہروں میں ریاستی وزراء ، بی آر ایس ارکان اسمبلی و دیگر قائدین نے شرکت کی۔ وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے بی جے پی کو عوام پر ظلم ڈھانے والی جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سماج کے تمام طبقات بی جے پی حکمرانی سے عاجز آچکے ہیں۔ گھٹکیسر میں وزیر لیبر ملا ریڈی اور پارٹی کے دیگر قائدین کے ساتھ احتجاج میں حصہ لیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ پکوان گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت غریب و متوسط طبقہ پر اضافی مالی بوجھ عائد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے دور حکومت میں پکوان گیس پر 2.14 لاکھ کروڑ روپئے کی سبسیڈی دی جاتی تھی۔ 2014 میں اقتدار حاصل کرنے والی بی جے پی نے اس سبسیڈی کو پوری طرح برخواست کردیا ہے۔ ماضی میں پکوان گیس فی سلینڈر 400 روپئے میں دستیاب ہوتا تھا۔ اب اس کی قیمت بڑھ کر 1200 روپئے سے زیادہ ہوگئی ہے۔ ہریش راؤ نے ضامن روزگار اسکیم کیلئے مرکزی بجٹ میں 30 ہزار کروڑ روپئے مختص کرنے اور استفادہ کنندگان کی تعداد کو گھٹادینے کی سخت مذمت کی ہے۔ فلاحی اسکیمات کے بجٹ کو گھٹاتے ہوئے غریب عوام سے ناانصافی کرنے کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت ہر انتخابات سے قبل پکوان گیس کی قیمت میں 10 روپئے کی کمی کرتی ہے۔ انتخابات کے بعد قیمت میں 100 روپئے کا اضافہ کردینے کا الزام عائد کیا۔ وزیر انیمل ہسبینڈری ٹی سرینواس یادو نے سکندرآباد ایم جی روڈ پر مجسمہ مہاتما گاندھی پر پارٹی قائدین کے ساتھ احتجاجی دھرنا منظم کیا اور سڑکوں پر لکڑیوں کے چولہے پر پکوان کرتے ہوئے احتجاج درج کروایا۔ انہوں نے اضافہ شدہ قیمتوں سے فوری دستبرداری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 8 سال کے دوران پکوان گیس کی قیمتوں میں 745 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے شاہ میر پیٹ پر منعقدہ احتجاجی دھرنے کی قیادت کی۔ وزیر اکسائیز وی سرینواس گوڑ نے محبوب نگر تلنگانہ چوراستہ پر منعقدہ احتجاجی دھرنے میں شرکت کی۔ اس موقع پر ریاستی وزیر نے سیاہ کپڑے پہنتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج میں حصہ لیا۔ ریاستی وزیر سیول سپلائیز جی کملاکر نے کریم نگر تلنگانہ چوراستہ پر احتجاجی دھرنے میں حصہ لیا اور بطور احتجاج سڑک پر پکوان کیا۔ اس موقع پر بی آر ایس کے ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی۔ نظام آباد کلکٹریٹ کے پاس منعقدہ احتجاجی دھرنے میں وزیر وی پرشانت ریڈی نے شرکت کی۔ اس احتجاجی دھرنے میں ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی اور وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ ریاست کے تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر وزراء، بی آر ایس کے ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل، مختلف کارپوریشنس کے صدورنشین اور پارٹی قائدین نے احتجاج میں حصہ لیا۔ کئی مقامات پر خالی سلینڈرس کے ساتھ احتجاج کیا گیا۔ کئی مقامات پر سڑکوں پر لکڑی کے چولہوں پر پکوان کرتے ہوئے احتجاج درج کروایا گیا۔ بی آر ایس کی جانب سے ریاست کے مختلف مقامات پر بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کرنے سے ٹریفک مسائل بھی پیدا ہوئے۔ن