پکوان گیس کی قیمت میں اضافہ سے عوام کو مشکلات

   

حیدرآباد ۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) ایل پی جی گیس سلنڈرس کی قیمتوں میں پھر ایک مرتبہ اضافہ ہوا ہے۔ گھریلو استعمال (ڈومیسٹک) 14.2 کیلو کے پکوان گیس سلنڈر کی قیمت میں 25 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ جس سے گھریلو پکوان گیس سلنڈر کی قیمت بڑھ کر 884.50 روپے ہوگئی ہے۔ اس طرح تجارتی سرگرمیوں کے لئے استعمال ہونے والے (کمرشیل) 19 کیلو گیس سلنڈر کی قیمت میں 75 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ جس سے اس کی قیمت بڑھ کر 1693 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ پٹرولیم کمپنیوں کی جانب سے ہر 15 دن میں ایک مرتبہ گیس سلنڈرس کی قیمتوں پر نظرثانی کی جارہی ہے جس سے قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں میں دوسری مرتبہ پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ پٹرولیم کمپنیوں نے آخری بار 18 اگست کو گھریلو پکوان گیس پر 15 روپے کا اضافہ کیا تھا۔ اس طرح 15 دن میں دو مرتبہ گیس کی قیمتوں پر نظرثانی کرتے ہوئے 50 روپے کا اضافہ کردیا ہے جو غریب و متوسط طبقہ پر اضافی مالی بوجھ ہے۔ جاریہ سال گھریلو پکوان گیس کی قیمتوں میں 165.50 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ رواں سال جنوری میں گھریلو پکوان گیس کی قیمت 694 روپے تھی اس کے بعد پٹرولیم کمپنیوں کی جانب سے فروری، مارچ اور جون میں قیمتوں میں اضافہ کیاگیا۔ جاریہ سال ابھی تک 5 مرتبہ پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ N