پکوان گیس کے بعد پٹرول ؍ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی تیاری

,

   

دیپاولی کے تحفہ کے طور پر 3 تا 5 روپئے کی کمی ممکن ، اسمبلی انتخابات کے پیش نظر مرکز کا رعایتی پیاکیج

حیدرآباد۔ /6 ستمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے راکھی بندھن تہوار کے موقع پر خواتین کو پکوان گیس سلینڈر کی قیمتوں میں کمی کا تحفہ پیش کیا تھا۔ پانچ ریاستوں میں نومبر اور ڈسمبر میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر مرکز کی جانب سے مختلف مزید رعایتوں کا اعلان متوقع ہے۔ پکوان گیس سلینڈر کی قیمت میں 200 روپئے کی کمی کے بعد حکومت پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کیلئے عوام کی جانب سے دباؤ بڑھنے لگا ہے۔ توقع ہے کہ مرکزی حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا عنقریب اعلان کرے گی۔ دیپاولی تہوار سے قبل پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں تین تا پانچ روپئے کمی کی جاسکتی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق وزارت فینانس اور وزارت پٹرولیم انڈسٹریزکی جانب سے قیمتوں میں کمی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ گذشتہ ہفتہ 14.2 کیلو گرام پکوان گیس سلینڈر کی قیمت میں 200 روپئے کی کمی کی گئی جس سے 330 ملین گھریلو صارفین کو فائدہ پہنچا۔ حالیہ عرصہ میں مرکزی حکومت کی جانب سے عام آدمی کیلئے یہ پہلی راحت تھی۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا انحصار عالمی مارکٹ میں خام تیل کی قیمت پر ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت فی بیارل 85 ڈالر درج کی گئی ہے۔ حکومت خام تیل کی قیمتوں کے علاوہ ٹیکسوں میں کمی کے ذریعہ الیکشن سے قبل عوام کو راحت پہنچانا چاہتی ہے۔ گذشتہ چند ماہ کے دوران پکوان گیس اور پٹرولیم پراڈکٹس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کا رجحان تھا۔ اب جبکہ بی جے پی کیلئے 5 ریاستوں کے اسمبلی چناؤ اہمیت کے حامل ہیں لہذا غریب اور متوسط طبقات کو خوش کرنے کیلئے پٹرولیم اشیاء کی قیمت کم کی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اگر 3 تا 5 روپئے کی کمی کی گئی تو اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی کم ہوسکتی ہیں اور مہنگائی پر قابل لحاظ حد تک قابو پایا جاسکتا ہے۔ ایکسائیز ڈیوٹی اور ویاٹ میں کمی کے ذریعہ عوام کو راحت پہنچائی جاسکتی ہے۔ مرکزی حکومت تیل کمپنیوں کو قیمتوں میں کمی کیلئے راضی کرسکتی ہے۔ حالیہ عرصہ میں عالمی مارکٹ میں خام تیل کی قیمت 90 ڈالر فی بیارل تک پہنچ گئی تھی۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ریاستوں کے اعتبار سے مختلف ہیں۔ مرکزی ٹیکسیس کے علاوہ ریاستی ٹیکسوں کے نتیجہ میں ہر ریاست میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت مختلف ہے۔ مرکز نے قیمتوں میں کمی کے سلسلہ میں ریاستوں سے خواہش کی ہے کہ وہ اپنے ٹیکسوں میں کمی کرتے ہوئے قیمتوں میں مزید کمی لائیں۔ دیپاولی تہوار کے تحفہ کے طور پر مرکز کی جانب سے پٹرول و ڈیزل پر عوام کو راحت پہنچانے سے بی جے پی کو عوامی تائید کی امید ہے۔