حیدرآباد۔ ابھی جبکہ حیدرآباد میں بارش کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور کئی علاقے ہنوز پانی میں محصور ہیں محکمہ موسمیات نے پیر کو بھی ریاست بھر میں اوسط سے بھاری بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ محکمہ نے بتایا کہ آئندہ چار دن کے دوران شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ آج خْریت آباد میں 26 ملی میٹر ‘ کوکٹ پلی میں 25.8 ملی میٹر اور قطب اللہ پور میں 25.3 ملی میٹر بارش ہوئی ہے ۔ ریاست بھر میں نلگنڈہ ‘ ونپرتی ‘ محبوب نگر ‘ سوریہ پیٹ اور ناگرکرنول اضلاع میں اوسط سے شدید بارش ہوئی ہے ۔ اب تک ماہ اکٹوبر میں 356 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے ۔ حیدرآباد میں محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے گرج چمک اور تیز ہواوں کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ تلنگانہ میں آئندہ چار دن کے دوران شدید بارش کچھ مقامات پر ہوسکتی ہے ۔ حیدرآباد میں نشیبی علاقوں کے علاوہ کچھ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے اندیشے ظاہر کئے گئے ہیں۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے نشیبی علاقوں کے عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ شدید بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے محفوظ مقامات کو منتقل ہوجائیں ۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے عوام کو مشکلات پیش آسکتی ہیں اسی لئے انہیں محفوظ مقامات کو منتقل ہوجانا چاہئے ۔