متولی اورسماجی کارکنوںکی بروقت نمائندگی کے سبب قیمتی وقف اراضی کا تحفظ
نظام آباد: 21؍ جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)نظام آباد کے قدیم اور تاریخی پھولانگ قبرستان کی قیمتی وقف اراضی پر مفاد پرست عناصر کی جانب سے غیر قانونی طور پر ملگیوں کی تعمیر کا سلسلہ شروع کردیا گیا جسے کمشنر بلدیہ مسٹر دلیپ کمار کی بروقت مداخلت پر فی الفور روک دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ اراضی سروے نمبر 225 کے تحت وقف بورڈ میں درج اور گزٹ نوٹیفائیڈ ہے جسے صرف مسلم میتوں کی تدفین کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے مذکورہ قبرستان کے اندرونی داخلی دروازے کے بائیں جانب تین بڑی ملگیوں کی تعمیر کا آغاز کیا گیا اور اب تک پلرز کی بنیاد ڈال دی گئی ہے۔ اس تعمیری عمل میں نہ تو ریاستی وقف بورڈ کی منظوری حاصل کی گئی، نہ ہی وقف انسپکٹر یا مقامی ذمہ داران کو اطلاع دی گئی جو کہ وقف قواعد کی سراسر خلاف ورزی ہے۔اس معاملے پر متولی پھولانگ قبرستان محمد نصیر الدین اور معروف سماجی کارکن سلطان با مہدی نے فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وقف انسپکٹر محمد صدام کو صورتحال سے واقف کروایا بعد ازاں دونوں نے بلدی کمشنر سے ملاقات کرتے ہوئے اس غیر قانونی تعمیری سرگرمی کی مکمل تفصیلات پیش کیں، جس پر کمشنر بلدیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے تعمیری سرگرمیوں کو رکوانے کے احکامات جاری کیے۔عوام کا مطالبہ ہے کہ نظام آباد مسلم جوائنٹ ایکشن کمیٹی فوری اس معاملے میں مداخلت کرے اور اوقافی املاک کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔