پن سے حملہ کرنے پر خون سے اپنی تاریخ کی کتاب تحریر کروں گی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے آج ایک مرتبہ پھر سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر پھینکے جانے والے پتھروں سے محل بناؤں گی اور پن سے حملہ کرنے پر جو خون بہے گا اس سے اپنی تاریخی کتاب تحریر کروں گی ۔ خواتین کے 33 فیصد تحفظات کو قانونی حیثیت حاصل ہونے پر گورنر نے راج بھون میں اظہار تشکر تقریب کا اہتمام کرکے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں خواتین کو 33 فیصد تحفظات کا بل منظور کروانے پر وزیراعظم مودی سے اظہار تشکر کیا ۔ گورنر نے کہا کہ وہ بھی ایک موقع پر بی جے پی کی قائد تھیں اب گورنر ہیں ۔ سیاست میں دلچسپی ہونے کی وجہ پیشہ طب سے دور ہوئیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں مردوں کی بالادستی ہے ۔ میں جب گورنر بن کر آئی تھی اس وقت تلنگانہ کی کابینہ میں ایک خاتون وزیر بھی نہیں تھی ۔ اب کابینہ میں دو خاتون وزراء شامل ہیں ۔ مجھ پر پھول نچھاور کرنے والے اور پتھر پھینکنے والے ہیں اس سے میں ناخوش ہوں گی اور نہ ہی پریشان ہوں گی بلکہ مجھ پر جو پتھر پھینکے جارہے ہیں اس سے محل بناؤں گی اور پن سے حملہ کرنے پر جو خون بہے گا اس سے اپنی تاریخ کی کتاب تحریر کروں گی ۔ گورنر نے کہا کہ ہر کوئی سب کو پسند نہیں آتے مجھ پر پھول نچھاور کریں یا پتھر پھینکیں دونوں کا خیر مقدم کروں گی ۔ اچھے کام کرنے اختیارات ہونے چاہئے ۔ عوامی خدمات کیلئے ہر توہین کو برداشت کروں گی ۔ پروٹوکال فراہم نہ کرنے کے باوجود اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹوں گی ۔ گورنر نے کہا کہ گذشتہ 27 سال سے خواتین کو اسمبلی اور پارلیمنٹ میں 33 فیصد تحفظات کی بات کی جارہی ہے ۔ مگر دلیرانہ فیصلہ کرنے کا اعزاز وزیراعظم نریندر مودی کو حاصل ہوا ہے ۔ جس کے بعد ایوانوں میں خواتین کی نمائندگی میں اضافہ ہونے کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔۔ ن