تل ابیب ۔ 17 اکٹوبر (ایجنسیز)اسرائیلی وزیراعظم بنجامین نیتن یاہو کی سانس کی نالی میں سوزش کی تشخیص ہوئی ہے اور ڈاکٹروں نے انھیں آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ یہ بات وزیر اعظم کے دفتر نے جمعرات کے روز بتائی۔نیتن یاہو نے تل ابیب کی ضلعی عدالت میں اپنے خلاف جاری بد عنوانی کے مقدمے کی سماعت کے دوران کھانسی اور زکام کی شکایت کی، جہاں ان سے جرح کی جا رہی تھی۔انھوں نے اپنی صحت کی خرابی کے باعث سماعت جلد ختم کرنے کی درخواست کی، جسے ججوں نے منظور کر لیا۔نیتن یاہو نے عدالت کو بتایا کہ زکام میں بہتری نہیں آ رہی اور ان کے معالج نے انھیں طویل وقت تک کام نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب موجودہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کو نیتن یاہو کو معافی دینے کی تجویز پیش کی تھی۔ نیتن یاہو تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ ایک سیاسی سازش کا نشانہ بنے ہیں۔ایک مقدمے میں نیتن یاہو اور ان کی اہلیہ سارہ پر الزام ہے کہ انھوں نے مال دار شخصیات سے سیاسی مراعات کے بدلے مہنگے اور پْر تعیش تحائف وصول کیے۔ ان کی مالیت دو لاکھ ساٹھ ہزار امریکی ڈالر سے زیادہ بتائی گئی ہے۔دو دیگر مقدمات میں نیتن یاہو پر اسرائیلی میڈیا کے دو ذرائع سے مثبت کوریج حاصل کرنے کیلئے سودے بازی کی کوشش کے الزامات ہیں۔