نئی بستیوں کے غریب عوام کو واٹر پلانٹ کی بھی سہولت نہیں ، بورویل کا پانی استعمال کرنے پر مجبور
حیدرآباد۔12 اپریل (سیاست نیوز) شہر میں رضاکارانہ تنظیموں کی جانب سے غذاء اور راشن کی تقسیم کے ذریعہ ان لوگوں کو راحت فراہم کی جا رہی ہے تو کورونا وائرس کے سبب اس لاک ڈاؤن میں معاشی مشکلات کا شکار بنے ہوئے ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے راشن کی فراہمی اور کھانے کے انتظامات میں بڑھ چڑھ کرلوگ حصہ لے رہے ہیں لیکن کو ئی اس بات پر غور نہیں کر رہا ہے کہ شہر حیدرآباد کے ان علاقو ںمیں جہاں آج بھی ٹینکر کے ذریعہ پانی سربراہ کیا جا تاہے ان علاقوں کی کیا حالت ہے اورکس طرح سے وہ لوگ پانی حاصل کر رہے ہیں !جی ہاں شہر کے بعض غریب آبادیاں جو کہ پہاڑوں پر بسی ہوئی ہیں اور نئی بسنے والی آبادیوں میں جہاں محکمہ آبرسانی کی جانب سے ٹینکر کے ذریعہ پانی سربراہ کیا جاتا ہے ان علاقوں میں پینے کے پانی کے مسائل پیدا ہونے لگے ہیں اور لوگ پینے کے پانی کیلئے بھی پریشان ہوتے جا رہے ہیں۔ پہاڑی شریف کے اطراف کے علاقوں کے علاوہ بعض دیگر علاقوں سے اس بات کی شکایات موصول ہورہی ہیں کہ لاک ڈاؤن کے سبب ان کے علاقوں میں ٹینکر کے ذریعہ پینے کے پانی کی سربراہی بند ہوچکی ہے اور وہ بورویل کا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں کیونکہ ان کے معاشی حالات پینے کا پانی خریدنے کی اجازت نہیں دیتے اسی لئے وہ بورویل کے پانی کے استعمال پر مجبور ہیں۔ شہر حیدرآباد میں عوام کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے نصب کئے گئے واٹر پلانٹ سے جو لوگ پانی خرید کراستعمال کرتے تھے وہ بھی ان واٹرپلانٹ سے پانی خریدنے کے موقف میں نہیں ہیں اور نہ ہی اس بات کی اجازت حاصل ہے کہ واٹر پلانٹ سے پانی کی فروخت عمل میںلائی جائے کیونکہ اگر پانی کی فروخت کا سلسلہ شروع کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنا مشکل ہوجائے گا اسی لئے ان میں بیشتر واٹر پلانٹ بند ہیں جس کے سبب ان علاقوں کے عوام کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جو پینے کے پانی کی سربراہی کے باوجود صاف پینے کے پانی کیلئے ان واٹر پلانٹ سے پانی حاصل کیا کرتے تھے۔ جن علاقوں میں ٹیکر کے ذریعہ پانی کی سربراہی عمل میں لائی جاتی ہے ان علاقو ںمیں پانی کی سربراہی روک دیئے جانے کے سلسلہ میں محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں نے بتایا کہ ابتدائی دو دن کے دوران پانی کی سربراہی کے اقدامات کئے گئے لیکن بعد ازاں جو صورتحال پیدا ہوئی اور لوگ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی شرط پر عمل نہیں کر رہے تھے تو محکمہ نے فیصلہ کیا کہ ان علاقوں میں پانی کی سربراہی ٹینکر کے ذریعہ بند کردی جائے۔پہاڑی شریف اور شاہین نگر کے قریب واقع غریب بستیوں میں جہاں پینے کے پانی کی سربراہی نہیں ہوپا رہی ہے ان علاقوں کے عوام نے اپیل کی ہے کہ ان کے علاقو ںمیں لوگ جہاں بھوک سے پریشان ہیں وہیں انہیں پیاس کے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔