اسمبلی میں وزیر اقلیتی بہبود کا تیقن، زائرین کی سہولت کیلئے بجٹ کی منظوری
حیدرآباد۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے ارکان کو یقین دلایا کہ درگاہ حضرت بابا شرف الدین ؒ پہاڑی شریف اور مولا علی میں زائرین کی سہولت کیلئے ریمپ کی تعمیر کا کام جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مجلسی ارکان کے استفسارات پر وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے بتایا کہ ٹی آر ایس حکومت تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کرتی ہے اور مساجد، مندروں اور دیگر عبادت گاہوں کو ترقی دینے کے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ حضرت بابا شرف الدین ؒ پہاڑی شریف کی زیارت کیلئے ملک کے مختلف علاقوں سے زائرین پہنچتے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے زائرین کی سہولت کیلئے ریمپ کی تعمیر کو منظوری دی۔ 2017 میں 9.60 کروڑ منظور کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ فور وہیلرس گاڑیوں کی روانگی اور پارکنگ کی سہولت اوپری حصہ میں فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریمپ کی تعمیر کا 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور باقی 10 فیصد کام جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ 6 کروڑ 50 لاکھ روپئے خرچ کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چٹانوں کو توڑنے کیلئے بلاسٹنگ کی اجازت میں تاخیر اور کورونا وباء کے پیش نظر 6 تا 8 ماہ لیبر کا مسئلہ رہا جس کے نتیجہ میں تاخیر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مولا علی میں ریمپ کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ 87 لاکھ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ پہلے مرحلہ کا کام مکمل ہوچکا ہے اور دوسرے مرحلہ کیلئے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ یہ کام منظور کیا گیا ہے اور بجٹ میں فنڈز کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ دونوں مذہبی مقامات کے ریمپ کی تعمیر کا کام جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ مجلسی رکن احمد پاشاہ قادری نے گذشتہ چار برسوں میں کاموں کی سُست رفتاری پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ کم از کم آئندہ سال عرس تک تمام کام مکمل کرلئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی شریف کے ریمپ کے سلسلہ میں 75 فیصد اور مولا علی میں 30 فیصد کام مکمل ہوا ہے۔