چہرہ کی عدم شناخت، پولیس کا مختلف زاویوں سے جائزہ
حیدرآباد۔ پہاڑی شریف پولیس کیلئے نامعلوم نعش کی شناخت ایک معمہ بن گیا ہے۔ گذشتہ روز جل پلی تالاب کے کنارے سے پولیس نے ایک نوجوان لڑکی کی نعش کو برآمد کیا تھا جو برہنہ حالت میں پائی گئی۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اس لڑکی کی عصمت ریزی کے بعد اس کا قتل کردیا گیا اور شناخت مٹانے کیلئے اس کے چہرے کو پتھر سے کچل دیا گیا ۔ پہاڑی شریف پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد فارنسک ماہرین کی مدد سے اس لڑکی کے چہرے کو جاری کیا ہے۔ اس کیس کو حل کرنے اور قاتلوں کو گرفتار کرنے پولیس کیلئے لڑکی کی شناخت ضروری ہے۔ اس سلسلہ میں انسپکٹر پہاڑی شریف وشنووردھن ریڈی نے بتایا کہ ہر زاویہ سے اس کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تینوں کمشنریٹس کے علاوہ ریاست کے دیگر مقامات پر لڑکی کے تعلق سے تحقیقات کی جارہی ہیں کہ آیا کسی پولیس اسٹیشن میں اس لڑکی کی گمشدگی کی کوئی شکایت درج کروائی گئی ہے۔