پولیس میں شکایت ، پولٹری فارم کے مالک گرفتار ، مقدمہ درج
حیدرآباد /27 ستمبر ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ میں خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی اور اس کے ساتھ مارپیٹ کی سنگین واردات پیش آئی ۔ ایس ٹی طبقہ سے تعلق رکھنے والی یہ خاتون قبیلہ کے ارکان کے ہمراہ پولیس اسٹیشن پہونچی ۔ پہاڑی شریف پولیس نے خاتون کے الزامات اور مارپیٹ کا شکار اس خاتون کو جسم پر زحموں کے نشانات دیکھ کر مقدمہ درج کرلیا اور دو افراد کو گرفتار کرلیا جو اعلی ذات کی طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ناگرکرنول سے تعلق رکھنے والا ایک جوڑا جو ایس ٹی طبقہ سے تعلق رکھتا ہے ۔ 4 ماہ قبل پہاڑی شریف کے علاقہ میں روزگار کے سلسلے میں آیا تھا اور ایک پولٹری فارم میں ملازمت کے بعد وہ یہاں منتقل ہوگئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 30 سالہ مداوت تروپتی اور اس کی 25 سالہ بیوی، پرساد ریڈی کے پولٹری فارم میں ملازمت کر رہے تھے ۔ تین دن قبل پرساد ریڈی کے فارم پر 14 افراد آئے جن سے یہ لوگ انجان تھے اور ان میاں بیوی کو دوسرے فارم پر لے گئے ۔ شوہر کو ایک کمرے میں باندھ کر اس کی بیوی یعنی متاثرہ شکایت گذار خاتون کو دوسرے کمرے میں منتقل کیا اور خاتون کا الزام ہے کہ تین دن تک 14 افراد اس خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی کرتے رہے اور اس کے بعد نیم برہنہ حالت میں خاتون کو شدید مارپیٹ کا نشانہ بنایا اور شدید زدوکوب کیا ۔ خاتون کی شکایت کے بعد پولٹری فارم کے مالکین کے درمیانی افراد کی مدد سے معاملہ کی یکسوئی کرلی تھی تاہم اس کے بعد جیسے ہی اطلاع عام ہوئی معاملہ سنگین رخ اختیار کرگیا اور ایس ٹی طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد اور تنظیموں کے کارکنوں کی بڑی تعداد پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن پہونچ گئی اور دھرنا منظم کیا ۔ جس کے بعد پولیس نے انیل ریڈی اور پرساد ریڈی کو حراست میں لے لیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔