پہاڑی شریف میں خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی

   

حیدرآباد۔/10 مارچ، ( سیاست نیوز) پہاڑی شریف علاقہ میں پیش آئے ایک واقعہ میں ہریانہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی کی گئی۔ تفصیلات کے بموجب 25 سالہ خاتون جس کا شوہر آٹو ڈرائیور ہے کچھ عرصہ قبل روزگار کی تلاش میں ہریانہ سے شہر منتقل ہوئے تھے اور وادی مصطفی علاقہ میں کرایہ کا مکان حاصل کیا تھا۔ ہفتہ کی شب اسی علاقہ کے رہنے والے امجد اور اعظم نے مبینہ طور پر خاتون کے مکان میں داخل ہوکر اس کی اجتماعی عصمت ریزی کی اور ملزمین نے خاتون کے بچوں کو ایک کمرہ میں بند کردیا تھا۔ خاتون نے آج صبح پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی جس پر ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔ وادی مصطفی علاقہ حیدرآباد اور رچہ کنڈہ کا سرحدی علاقہ ہے اس کیس کو درج کرنے کیلئے چندرائن گٹہ اور پہاڑی شریف پولیس کے درمیان الجھن پائی گئی۔ بالآخر پہاڑی شریف پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔