درگاہ حضرت بابا شرف الدینؒ کے زائرین کو سہولت، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے چیک حوالے کیا
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے درگاہ حضرت بابا شرف الدینؒ پہاڑی شریف سے متصل ریمپ کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ روپئے جاری کئے ہیں ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ایجوکیشن اینڈ ویلفیر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے اگزیکیٹیو انجنیئر سرینواس راؤ کو یہ چیک آج وقف بورڈ کے دفتر میں پیش کیا گیا۔ زائرین کی سہولت کیلئے حکومت نے ریمپ کی تعمیر کا فیصلہ کیا جس کے لئے حکومت نے 4 کروڑ 73 لاکھ روپئے کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ تعمیری کاموں کے آغاز کے لئے وقف بورڈ نے پہلے مرحلہ میں ایک کروڑ روپئے جاری کئے ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے اگزیکیٹیو انجنیئر کو مشورہ دیا کہ وہ مقررہ مدت میں ریمپ کی تعمیر کو مکمل کریں تاکہ زائرین کو سہولت ہو۔ ریمپ کے سلسلہ میں اراضی کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور کام کی تکمیل کے بعد موٹر گاڑیاں بھی درگاہ کے اوپری حصہ تک بآ سانی پہنچ پائیں گی۔ محمد سلیم نے کہا کہ کاموں کی تکمیل کے ساتھ مزید رقم جاری کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ معیاری کام کی تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے وقف بورڈ کے عہدیداروں کی ٹیم وقتاً فوقتاً کام کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں اہم درگاہوں میں زائرین کو مزید سہولتوں کی فراہمی کیلئے ترقیاتی منصوبہ کو قطعیت دی ہے ۔ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کی ترقی کے لئے ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ نظام آباد میں درگاہ حضرت سعداللہ حسینیؒ بڑا پہاڑ کے ترقیاتی کام شروع کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ درگاہوں کے بہتر انتظامات اور زائرین کی سہولتوں کیلئے مختلف قدم اٹھا رہا ہے ۔