قبرستانوں میں مفت تدفین کا انتظام کرنے کی ہدایت، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی پریس کانفرنس
حیدرآباد: صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ شہری علاقوں میں قبرستانوں میں جگہ کی قلت کے پیش نظر وقف بورڈ نے پہاڑی شریف میں 10 ایکر اراضی قبرستان کیلئے مختص کی ہے۔ مسلمانوں میں تدفین کے سلسلہ میں دشواریوں کو ختم کرنے کیلئے وقف بورڈ کے اجلاس میں 6 جون کو متفقہ قرارداد منظور کی گئی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سلیم نے بتایا کہ قبرستان کی حصار بندی کرتے ہوئے صفائی کا کام انجام دیا جائے گا تاکہ تدفین کا عمل فوری شروع کیا جائے۔ وقف بورڈ کے اس قبرستان میں مفت تدفین کا انتظام رہے گا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے اراضی کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی کے انتظامات کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض مفادات حاصلہ اس قبرستان کے سلسلہ میں بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بے بنیاد الزامات عائد کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قبرستان میں تدفین کیلئے متولی یا مینجنگ کمیٹی کو رقم وصول کرنے کی اجازت نہیں ہے اور اس طرح کی کوئی شکایت ملنے پر وقف بورڈ کارروائی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام قبرستانوں میں مفت تدفین کے انتظامات وقف بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں مکمل تعاون پیش کیا ہے اور حکومت کی سرپرستی میں وقف بورڈ خدمات انجام دے رہا ہے ۔