پہاڑی شریف میں 50 ایکر وقف اراضی پر قبضہ کی کوشش ناکام

   

صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی ہدایت پر پولیس میں شکایت اور ایف آئی آر درج
حیدرآباد۔16 ۔ستمبر (سیاست نیوز) پہاڑی شریف کے علاقہ میں اقلیتی اقامتی اسکولوں کو الاٹ کردہ 50 ایکر اوقافی اراضی پر ناجائز قبضے کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا ۔ تلنگانہ وقف بورڈ نے پہاڑی شریف کے علاقہ میں نئے اسکولوں کی تعمیر کیلئے 50 ایکر اراضی الاٹ کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کی ٹیم اراضی کے معائنہ کیلئے پہنچی تو وہاں ایک خانگی کنسٹرکشن کمپنی کی جانب سے پہاڑوں کو توڑ کر پتھر جمع کرنے کا انکشاف ہوا۔ اگرچہ کنسٹرکشن کمپنی کی اراضی وقف اراضی سے دور ہیں لیکن کھلی اراضی پر قبضہ کی نیت سے پتھر جمع کئے جارہے تھے ۔ ڈی ایس پی خواجہ معین الدین کی قیادت میں وقف بورڈ کے عہدیداروں کی ٹیم نے پولیس اسٹیشن پہاڑی شریف میں خانگی کمپنی کے خلاف شکایت درج کرائی ۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر جاری کیا ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج صبح اس وا قعہ کی اطلاع ملتے ہی عہدیداروں کی ٹیم روانہ کیا۔ انہوں نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے اراضی کے تحفظ کی خواہش کی ۔ محمد سلیم نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم آئی پی ایس کو ہدایت دی کہ پولیس اور ریونیو حکام کے تعاون کے ذریعہ 50 ایکر اراضی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ محمد سلیم نے درگاہ حضرت بابا شرف الدینؒ کے تحت موجود اراضی پر ناجائز قبضہ کی برخاستگی کیلئے اقدامات کی ہدایت دی ہے۔ وقف بورڈ کی فوری مداخلت سے 50 ایکر اراضی کا تحفظ کرنے کامیابی ملی ہے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ ریاست میں حکومت کی جانب سے وقف جائیدادوں کے غیر مجاز رجسٹریشن منسوخ کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ابھی تک 500 سے زائد غیر مجاز رجسٹریشن منسوخ کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے انسپکٹرس کے ذریعہ ہر ضلع میں وقف جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کے بارے میں رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ R