: ٹرمـپ کا مواخـذہ :
ری پبلکنس اگر ڈیموکریٹس کی جانب ہوجائیں تو مواخذہ کی کامیابی یقینی
واشنگٹن ۔ 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وائیٹ ہاؤس سے جاری ایک اہم بیان میں کہا گیا ہیکہ ٹرمپ کے مواخذے کی سماعت کا پہلا دن صدر ٹرمپ کیلئے اچھا تھا لیکن ڈیموکریٹس کیلئے ایک برا دن تھا۔ یاد رہیکہ سماعت کرنے والی کمیٹی صدر ٹرمپ کے خلاف فردجرم عائد کرنے والی ہے۔ چہارشنبہ کو چار کے منجملہ تین قانونی ماہرین نے قانون سازوں کو بتایا کہ ٹرمپ نے یوکرین کے ساتھ جو رویہ اپنایا تھا وہ اس بات کا کھلا عکاس ہیکہ ٹرمپ نے اپنے عہدہ اور اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھایا جو یقینی طور پر قابل مواخذہ ہے جبکہ چوتھے قانونی ماہر جنہیں ری پبلکنس نے مدعو کیا تھا، نے ٹرمپ کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہا کہ صدر موصوف نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے۔ وائیٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری اسٹیفانی گریشام نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ تین لبرل پروفیسرس نے ایوان کی جوڈیشری کمیٹی کے صدرنشین جیرالڈ ناڈلر کے سامنے جو واحد بات کہی ہے وہ صدر موصوف کے خلاف ان کی(پروفیسرس) سیاسی جانبداری کے سوائے کچھ نہیں۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہفتوں سے جاری سماعت کے باوجود میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ صدر موصوف نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے۔ لہٰذا اب یہ کانگریس کا فرض ہیکہ وہ امریکی عوام کی فلاح و بہبود کی جانب زائد توجہ دے۔ امریکہ۔ میکسیکو۔ کینیڈا تجارتی معاہدہ، انفراسٹرکچر اور ادویات کی قیمتیں یہ تمام اسپیکرس پیلوسی کی خصوصی توجہ کے منتظر ہیں لیکن ڈیموکریٹس دیگر غیرضروری باتوں میں اپنا وقت ضائع کررہے ہیں اور ایسا کرتے ہوئے وہ اپنے حلقہ رائے دہی اور عوام کو بھی نظرانداز کررہے ہیں جبکہ عوام کو درپیش مسائل کی یکسوئی کو اولین ترجیح دی جانی چاہئے۔ یاد رہیکہ ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس اکثریت میں ہیں اور یہ سمجھا جارہا ہیکہ وہیں صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذہ کی تحریک کو منظور کیا جائے گا تاہم دوسری طرف سینیٹ ہے جو اس مقدمہ کا انعقادکرے گی لیکن ایسا کرنا ممکن نظر نہیں آتا کیونکہ کانگریس کے ایوان بالا میں ری پبلکنس اکثریت میں ہیں۔ کہا جارہا ہیکہ ٹرمپ کے خلاف مواخذہ صرف اسی صورت میںکامیاب ہوسکتا ہے جب متعدد ری پبلکن سینیٹرس اس معاملہ میں اپنی تائید ڈیموکریٹس کے حق میں کردیں۔ بہرحال، دن بھر اسکالرس ٹرمپ کے مواخذہ پر مباحثہ کرتے رہے۔ امریکی صدر نے پیشگوئی کی ہیکہ ایوان نمائندگان کی ڈیموکریٹ اسپیکر کی جانب سے مواخذہ کیلئے ہری جھنڈی دکھانے کے بعد ان کی کامیابی ہوگی۔