’’وکرانت‘‘ جنگی جہاز سے زیادہ تیرتا ہوائی میدان، تقریب سے وزیراعظم مودی کا خطاب۔ نیا بحری پرچم بھی لہرایا گیا
کوچی : وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کوچین میں ملک کا پہلا دیسی ساختہ طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت ہندوستانی بحریہ کو وقف کیا۔ انہوں نے کیرالا کے کوچی میں نئے بحری پرچم کی نقاب کشائی کی جس کے ساتھ ہی یہ با قاعدہ طور پر بحریہ کیبیڑے میں شامل ہو گیا۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، گورنر عارف محمد خان، سی ایم پنارائی وجین‘ بندر گاہوں ، جہاز رانی اور آبی گزر گاہوں کے وزیر سریانند سونو وال ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈیودال، تینوں افواج کے اعلی حکام اور کئی معززین بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب میں کہاکہ میں افواج میں ہونے والی تبدیلیوں کا ایک رخ ملک کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں، جب وکرانت ہمارے سمندری علاقے کی حفاظت کے لیے اترے گا تو بحریہ کی کئی خاتون سپاہیوں کو بھی وہاں تعینات کیا جائے گا۔ سمندر کی بے پناہ طاقت، لامحدود خواتین کی طاقت کے ساتھ، یہ نئے ہندوستان کی زبردست شناخت بن رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج 2 ستمبر 2022 کے تاریخی دن ایک اور کام ہوا جس نے تاریخ بدل دی۔ آج ہندوستان نے اپنے سینے سے غلامی کا نشان، غلامی کا بوجھ اتار دیا ہے۔ ہندوستانی بحریہ کو آج سے نیا پرچم مل گیا ہے۔ اس سے انگریزوں کی علامت صلیب کا سرخ نشان ہٹا دیا گیا ہے۔ اب تک غلامی کی پہچان ہندوستانی بحریہ کے جھنڈے پر تھی۔ لیکن آج سے چھترپتی شیواجی سے متاثر ہو کر بحریہ کا نیا پرچم سمندر اور آسمان میں لہرائے گا اب اس میں ترنگا اور اشوک کا نشان ہے۔مودی نے کہا کہ آئی این ایس وکرانت دفاعی شعبہ کو خود انحصار بنانے کے لیے حکومت ہند کی کوششوں کی ایک مثال ہے۔ آج ہندوستان ان ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے جو اپنی ٹکنالوجی سے اتنے بڑے جہاز بنا سکتے ہیں۔20,000 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار وکرانت جنگی جہاز سے زیادہ تیرتا ہوا ہوائی میدان ہے، یہ تیرتا ہوا شہر ہے۔ اس میں پیدا ہونے والی بجلی 5000 گھروں کو روشن کر سکتی ہے۔ اس کا فلائنگ ڈیک فٹ بال کے دو میدانوں سے بھی بڑا ہے۔ اس میں استعمال ہونے والی تمام تاریں کوچین سے کاشی تک پہنچ سکتی ہیں۔ پی ایم مودی نے مزید کہا کہ آئی این ایس وکرانت کے ہر حصے کی اپنی خوبی ہے، ایک طاقت ہے، اپنی ترقی کا سفر ہے۔ یہ دیسی صلاحیت، دیسی وسائل اور دیسی مہارتوں کی علامت ہے۔ اس کے ایئربیس میں نصب اسٹیل بھی دیسی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستانی بحریہ قومی اور بین الاقوامی سطح کے بحرانوں کے پہلے جواب کے طور پر ہمیشہ تیار رہتی ہے۔ آئی این ایس وکرانت کے شروع ہونے سے ہندوستانی بحریہ کی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی۔
