راولپنڈی : پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلینڈ نے پاکستان کو جیتنے کے 343 رنز کا ہدف دیا ہے۔ اتوار کو چائے کے وقفے پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 264 رنز پر ڈیکلیئر کر دی تھی جب کہ اس کی تین وکٹیں ابھی باقی تھیں، اس طرح انگلینڈ کو مجموعی طور 342 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔ انگلیںڈ کی دوسری اننگز میں ہیری بروک 87 اور جیک کرالی 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، محمد علی اور زاہد محمود نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ سلمان آغا کو ملی۔ دوسری اننگز کے آغاز میں انگلینڈ کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب نسیم شاہ نے بین ڈکٹ کو صفر پر آؤٹ کردیا۔ انگلینڈ کی دوسری وکٹ 36 کے مجموعی سکور پر گری جب محمد علی اولی پوپ کو پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے 15 رنز بنائے۔ پہلی اننگز میں سینچری بنانے والے زیک کرالی نے دوسری اننگز میں بھی عمدہ بیٹنگ کی اور 50 رنز بنا کر محمد علی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ جو روٹ نے 73 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی اور زاہد محمود کی وکٹ بنے۔ اسی اوور میں زاہد محمود نے بین سٹوکس کو صفر پر آؤٹ کیا۔ ہیری بروک نے 87 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، نسیم شاہ نے انہیں بولڈ کیا۔اس سے قبل پاکستانی کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 579 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ راولپنڈی میں کھیلے جا رہے پانچ روزہ میچ کے چوتھے روز پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر 499 رنز کے ساتھ اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور اس کی پوری ٹیم 579 رنز بنا سکی۔ اس طرح انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 78 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔