نئی دہلی: اپنی پہلوانی کے زمانے میں رستم ہند کا خطاب جیتنے والے اور بعد ازاں فلموں سے وابستہ ہونے والے داراسنگھ کی آج نویں برسی منائی گئی ۔ وہ 12جولائی 2012ء کو اس دنیا سے رخصت ہوگئے تھے ۔ انہوں نے فلموں میں اداکارہ ممتاز اور نشی کے ساتھ کامیاب جوڑی بنائی ۔ انہوں نے خود بھی کئی فلمیں بنائیں جن کا ڈائرکشن انہوں نے خود دیا ، جیسے میرا دیش میرا دھرم اور رستم ، اول الذکر فلم میں انہوں نے راج کپور کو ایک خصوصی رول میں کاسٹکیا جبکہ رستم میں انہوں نے اپنے ایک اور دوست راجندر کمار کو بھی اہم رول دیا تھا ۔ دارا سنگھ کے بیٹے وندو دارا سنگھ اداکاری کے شعبہ میں کوئی خاص مقام حاصل نہ کرسکے ۔ البتہ اداکارہ فرح سے شادی کر کے وہ ضرور شہ سرخیوں میں آگئے تھے جبکہ بگ باس میں جیتنے پر بھی ان کے کافی چرچے ہوئے تھے ۔ دارا سنگھ کی دیگر اہم فلموں میں لٹیرا ، نصیحت ، رستم ہند ، ہرکیولیس ، آنند ، میرا نام جوکر اور دھرماتما قابل ذکر ہیں ۔