پہلوان بجرنگ کو کھیل رتن ایوارڈ دیا جائے گا

   

نئی دہلی۔ 16 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) ٹوکیو اولمپک کے لئے ہندستان کی میڈل کی سب سے بڑی امید پہلوان بجرنگ پونیا کو ملک کے سب سے باوقارکھیل اعزاز راجیو گاندھی کھیل رتن سے نوازا جائے گا۔ قومی کھیل ایوارڈکے لئے قائم12 رکنی سلیکشن پینل نے کھیل رتن کے لئے بجرنگ کو منتخب کیا جو آئندہ عالمی چمپئن شپ کے لئے اس وقت جارجیا میں تیاری کر رہے ہیں۔ بجرنگ نے اس ایوارڈ کے لئے منتخب کئے جانے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ میں بہت خوش ہوں کہ مجھے کھیل رتن کے لئے منتخب کیا گیا ہے ۔ میں ملک کے باشندوں کو یقین دلاتا ہوں کہ میں ملک کے لئے عالمی چمپئن شپ اور اگلے سال ٹوکیو اولمپک میں میڈل جیتوں گا۔بجرنگ کو ملک کا سب سے بڑاکھیل اعزاز29 اگست کو کھیل کے دن راشٹڑ پتی بھون میں صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند پیش دیں گے ۔بجرنگ کو اس ایوارڈ کے لئے منتخب ہونے پر ان کے کوچ اور اولمپک میڈلسٹ پہلوان یوگیشور دت اور درون اچاریہ ایوارڈي کوچ رام پھل نے خوشی ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اگلے سال اولمپکس میں ملک کے لئے میڈل جیتے گا۔دولت مشترکہ اور ایشیائی کھیلوں کے گولڈ میڈلسٹ اور عالمی چمپئن شپ کے سلورمیڈلسٹ فاتح بجرنگ نے گزشتہ سال اپنا نام کھیل رتن کے لئے منتخب نہ ہونے کے بعد ناراضگی ظاہر کی تھی اور عدالت سے رجوع ہونے کا ارادہ ظاہرکیا تھا لیکن ان کے کوچ یوگیشور کے سمجھانے پر بجرنگ نے یہ ارادہ چھوڑ دیا تھا۔ یوگیشور نے بجرنگ سے کہا تھا کہ وہ صرف اپنے کھیل پر توجہ دے ، ایوارڈ تو اپنے آپ مل جائے گا۔ہندوستانی کشتی فیڈریشن بجرنگ کے ساتھ ہی اسٹار خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ کے نام کی بھی اس باوقار ایوارڈ کے لئے سفارش کی تھی لیکن 12 رکنی سلیکشن کمیٹی نے دو روزہ اجلاس کے پہلے دن بجرنگ کو کھیل رتن کے لے منتخب کیا ہے۔ اس کمیٹی میں سابق ہندستانی فٹ بال کپتان بائچنگ بھوٹیا اور اولمپک میڈلسٹ خاتون باکسر ایم سی میری کوم جیسے بڑے کھلاڑی شامل ہیں ۔ کمیٹی میں بجرنگ کے نام پر سب کی رضامندی تھی۔