پہلوان محمد انعام بٹ نے گولڈ میڈل جیتا

   

روم ۔ پاکستان کے نامور پہلوان محمد انعام بٹ نے اٹلی کے شہر روم میں کھیلی جانے والی عالمی بیچ ریسنلنگ چمپئن شپ میں گولڈمیڈل جیت لیا، کھیل کے میدان میں دو دن میں پاکستان کا یہ دوسرا گولڈ میڈل ہے ایک دن قبل ٹوکیو میں پاکستانی ایتھلیٹ حیدر علی نے ڈسک تھرو میں گولڈ میڈل جیتاتھا،دونوں کھلاڑیوں کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے۔ 27 فروری1989 کوپیدا ہونے والے انعام بٹ نے ورلڈ سیریز کے فائنل میں یوکرائن کے حریف اولیکسی یکو شک کو بے بس کر کے 3-0 سے شکست دی- انہوں نے کوارٹر فائنل میں90 کلوگرام زمرے میں ترکی کے عمر فاروق کو ناک آوٹ کیا تھا جبکہ سیمی فائنل میں رومانیہ کے میہائی نکولے پلاغیا کو ناکامی سے دوچار کیا تھا، انعام بٹ نے فائنل میں ہرانے والے حریف کو ابتدائی رائونڈ میں بھی شکست دی تھی،پاکستان کے دو دیگر کھلاڑی عنایت اللہ اور زمان انور ورلڈ بیچ ریسلنگ سیریز میں اپنے ابتدائی رائونڈ میں ناکام ہوگئے تھے۔ انعام بٹ نے گولڈ میڈل جیتنے کے بعد کہا کہ کورونا کی وجہ سے ان کی تیاری بہت زیادہ اچھی نہیں تھی لیکن وہ جیت کے جس عزم کے ساتھ آئے تھے اسے پورا کرنے میں کامیاب رہے،اپنے بیٹے کی فتح پر انعام بٹ کے والد نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ انعام نے ملک کا نام روشن کیا۔