پہلو خاں لنچنگ کیس میں پہلی سزا، دو مجرموں کو قید

   

Ferty9 Clinic

جئے پور ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پہلوخاں کو 2017ء میں لنچنگ کا شکار بنانے سے متعلق گھناؤنے کیس میں پہلی سزا سنائی گئی، جس میں الوار کے جوینائل جسٹس بورڈ نے دو کم عمر مجرمین کو خصوصی یا محفوظ مرکز میں تین سال قید کا اعلان کیا۔ کیس کے آفیسر سب انسپکٹر رام کشور نے آج کہا کہ بورڈ نے دونوں مجرمین کو تین سال قید کی سزا سنائی۔ انہوں نے بتایا کہ جس وقت جرم کا ارتکاب ہوا تب دونوں نابالغ تھے لیکن اب ان کی عمر 18-21 کے زمرہ میں ہے۔ وہ ہجوم کا حصہ تھے جس نے 55 سالہ پہلوخان کو شدید مارپیٹ کے ذریعہ موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ دونوں کو گذشتہ ہفتہ مجرم قرار دیا گیا ۔ آفیسر نے کہا کہ جائے واردات کے ویڈیو فوٹیج سے ہجوم میں دونوں کی موجودگی کی تصدیق ہوئی اور دیگر شواہد سے فیصلے کی بنیاد پڑی۔ 55 پہلوخان کا تعلق مغربی بنگال سے تھا۔ اس کیس میں جملہ تین نابالغ ملزمین پکڑے گئے تھے۔ گذشتہ سال اگست میں پہلو خاں کی لنچنگ کے ملزم 6 افراد کو الوار کی عدالت میں الزامات سے بری کردیا تھا۔ وہ 6 افراد وپن یادو ، رویندر کمار ، کالورام ، دیانند، یوگیش کمار اور بھیم راٹھی ہے جنہیں شبہ کا فائدہ دے کر بری کردیا گیا۔ یکم ؍ اپریل 2017ء کو پیش آئی واردات کے بعد پہلو خان کی 3 اپریل کو موت ہوگئی تھی۔