جموں۔ 13 مئی (ایجنسیز) جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے خوبصورت علاقہ پہلگام میں 22 اپریل کو پیش آنے والے خونی واقعہ کے بعد پولیس نے حملے میں ملوث دہشت گردوں کے خاکے جاری کر دیئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شوپیاں کے مختلف علاقوں میں یہ پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں، جن میں ان دہشت گردوں کی شناخت کے لیے عوام سے مدد طلب کی گئی ہے۔ ہر دہشت گرد کے بارے میں اطلاع فراہم کرنے والے کو 20 لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا، جب کہ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اطلاع دینے والوں کی شناخت صیغہ راز میں رکھی جائے گی۔ پولیس کی جانب سے جاری کردہ خاکوں میں تین دہشت گرد شامل ہیں، جن پر 22 اپریل کو پہلگام کے مشہور سیاحتی مقام بیسران میں سیاحوں پر حملہ کرنے کا الزام ہے۔ یہ حملہ اس وقت ہوا جب 26 سیاح پہاڑوں پر گھومنے کے لیے بیسران پہنچے تھے، جہاں ان پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی اور انہیں بے دردی سے قتل کیا گیا۔