پہلگام حملہ: معصوم بچہ نے دل دہلا دینے والے واقعہ کی تفصیلات بتائیں

   

نئی دہلی: جموں و کشمیر کے پہلگام میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ اس حملے میں 28 افراد ہلاک ہوئے۔ انہی دہشت گردانہ واقعات کا شکار گجرات کے سورت کا ایک خاندان بھی ہوا۔ شیلش نامی شخص اپنی سالگرہ کے موقع پر اپنے بیوی اور بچوں کے ساتھ پہلگام گئے تھے اور وہاں بیسرن کی وادی میں ارکان خاندان کے ساتھ موسم سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔ اسی دوران دن دہاڑے دہشت گرد آ گئے اور شیلش کو جان سے مار دیا۔ شیلش کی سالگرہ کے دن ہی ان کی نعش سورت میں ان کے گھر پہنچی تو پورے خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ اب شیلش کے بیٹے نکیش نے میڈیا سے بات کی ہے اور ایک دردناک کہانی بیان کی ہے۔ ان کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا جس پر اداکارہ امیشا پٹیل نے بھی ردعمل ظاہر کیا ہے۔معصوم بچے نے بتایا کہ کشمیر تو بہت اچھا ہے ہم پہلگام گئے تھے وہاں گھوڑے پر اوپر جانا ہوتا ہے تو ہم اوپر گئے۔ 10تا15 منٹ بعد دہشت گرد آ گئے اور ہم بھاگ کر چھپ گئے۔ لڑکے نے بتایا دہشت گردوں نے ہمیں ڈھونڈ لیا۔ان میں سے ایک نے کہا مسلمان الگ ہو جاؤ اور ہندو الگ ہو جاؤ اور جو ہندو تھے انہیں گولی مار دی گئی۔ لڑکے کے مطابق حکومت تو جیسے غائب ہو چکی تھی اتنا بڑا دہشت گرد حملہ ہوا اور انہیں کچھ پتہ ہی نہیں۔