کشمیر میں فوج کے آپریشن مہا دیو میںفورسیس کی بڑی کامیابی
سرینگر۔28؍جولائی ( ایجنسیز)کشمیر میں فوج کے آپریشن مہا دیو میں پہلگام حملہ کے ماسٹر مائنڈ سمیت تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے ۔ سیکورٹی فورسز نے پیر کو کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے کرالپورہ کے گاؤں مارسری میں مشترکہ محاصرہ اور تلاشی آپریشن (CASO) کے دوران ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا۔ مشترکہ کارروائی کے دوران، ایک شخص، جس کی شناخت ولی محمد میر کے نام سے ہوئی کو گرفتار کیا گیا اور اس کے قبضے سے ایک اے کے 56 رائفل سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد ہوا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ آپریشن مہادیو کے دوران مارے گئے تین دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت سلیمان شاہ کے طور پر ہوئی ہے جو پہلگام دہشت گردانہ حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ سلیمان شاہ جسے ہاشم موسیٰ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے پہلگام میں اپریل کے دہشت گردانہ حملے کا ذمہ دار بتا یا جا تاہے۔اس حملہ میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں زیادہ تر سیاح تھے۔ بتا یا جا تا ہے کہ شاہ اس سے قبل پاک فوج میں خدمات انجام دے چکا ہے۔ذرائع کے مطابق پہلگام دہشت گردانہ حملے کا ماسٹر مائنڈ سلیمان شاہ پیر کے انکاؤنٹر کے دوران مارے گئے تین دہشت گردوں میں شامل ہے۔ ایک اور دہشت گرد کی شناخت جبران کے نام سے ہوئی ہے جو اکتوبر 2024 میں گگنگیر میں سونمرگ ٹنل پراجکٹ پر حملے میں ملوث تھا۔ تاہم جموں و کشمیر پولیس اور فوج نے کہا ہے کہ آپریشن ختم ہونے کے بعد ایک سرکاری بیان جاری کیا جائے گا۔