پہلگام حملہ کے باوجود پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچ شرمناک

   

سیاسی فائدہ کیلئے بی جے پی نے لبریشن ڈے منایا، مہیش کمار گوڑ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کو مہاتما گاندھی سے کوئی ہمدردی نہیں ہے جبکہ مہاتما گاندھی کے قاتل سے بی جے پی کو محبت ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے بی جے پی کی جانب سے حیدرآباد لبریشن ڈے کے اہتمام پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی اور تلنگانہ کے انضمام کی جدوجہد سے بی جے پی کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ باوجود اس کے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ بی جے پی نے تلنگانہ کو انڈین یونین میں شامل کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ انضمام کے وقت بی جے پی کا وجود نہیں تھا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت تاریخ کو مسخ کرتے ہوئے نوجوانوں کو گمراہ کرنا چاہتی ہے۔ سیاسی فائدہ کیلئے حیدرآباد لبریشن ڈے منایا گیا ۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی جے پی حیدرآباد کے انضمام کا ذکر کرتی ہے لیکن گجرات کے جونا گڑھ کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا جاتا۔ پہلگام دہشت گرد حملہ کے باوجود پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچ پر تنقید کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ دہشت گرد حملہ میں ہلاک افراد کے خاندانو ںکی توہین کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام حملہ دراصل نریندر مودی اور امیت شاہ کی ناکامی ہے ۔ پاکستان کے خلاف آپریشن سندور کیا گیا لیکن کرکٹ میچ کھیلنا شرمناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کے فرزند جئے شاہ نے میچ کا اہتمام کیا اور مرکزی حکومت تماشائی بنی رہی ۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ رکن کونسل کویتا تلنگانہ کی تاریخ سے واقف نہیں ہے اور وہ یوم انضمام کے بارے میں غلط بیانی سے کام لے رہی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کومٹ ریڈی برادرس کھل کر بیان بازی کے لئے مشہور ہیں لیکن کانگریس پارٹی میں ڈسپلن کی حد مقرر ہے اور جو بھی اس حد کو پار کرتا ہے ، اس کے خلاف کارروائی یقینی ہے ۔ تین مار ملنا کی جانب سے نئی پارٹی کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ وہ بی سی طبقات کے لئے جدوجہد کے سلسلہ میں تین مار ملنا کا احترام کرتے ہیں۔ کانگریس پارٹی میں ڈسپلن شکنی پر انہیں معطل کیا گیا تھا ۔1