پہلگام حملہ کے بعد بھی کشمیر میں سیاحوں کی آمد جاری

,

   

سری نگر: جنوبی کشمیر کے پہلگام علاقے میں گزشتہ ہفتے پیش آئے دہشت گردانہ حملے کے باوجود وادی کشمیر میں سیاحتی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال ہیں اور سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ سیاحتی مقام گلمرگ میں گنڈولہ سواری سمیت مختلف سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی خاصی تعداد دیکھنے کو مل رہی ہے ، جس سے یہ واضح پیغام جا رہا ہے کہ دہشت گردی وادی میں خوف و ہراس پھیلانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ سیاحتی شعبے سے وابستہ افراد کے مطابق حملے کے بعد ابتدائی چند روز سیاحوں کی بکنگ منسوخی میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا، تاہم مجموعی طور پر سیاحوں کی دلچسپی میں کوئی خاص کمی نہیں آئی۔ گلمرگ، پہلگام، سونمرگ اور دیگر اہم سیاحتی مقامات پر ہوٹل اور ہاؤس بوٹس میں اب بھی بڑی تعداد میں سیاح قیام پذیر ہیں۔ مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون سیاح نے یو این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے میڈیا میں جو کچھ سنا تھا، یہاں آ کر اس سے بالکل مختلف حالات دیکھے ۔ کشمیر نہایت محفوظ ہے ، یہاں کے لوگ مہمان نواز اور محبت کرنے والے ہیں، اور حکومت و فورسز نے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کر رکھے ہیں۔