پہلگام دہشت گرد حملہ ، بی جے پی کی سیاست پر سنجیدہ شہری تشویش کا شکار

   

حیدرآباد۔23اپریل(سیاست نیوز) پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے کی جانے والی سیاست نے ملک بھر کے سنجیدہ شہریوں کو تشویش میں مبتلاء کردیا ہے کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے پہلگام کشمیر میں ہونے والے دہشت گردانہ حملہ کو جس انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے وہ ملک میں فرقہ پرستی کو فروغ دینے اور منافرت کو پھیلانے کے مترادف ہے۔ بی جے پی کے Xاکاؤنٹ کے ذریعہ جاری کی گئی تصویر میں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے حملہ کے دوران مذہب دریافت کرتے ہوئے حملہ کیا ہے اور کسی حملہ آور نے ذات نہیں دریافت کی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے پہلگام میں ہوئے حملہ کوبنیاد بناتے ہوئے منافرت پھیلانے کی کوشش کی جار ہی ہے جبکہ اس طرح کے ماحول میں صبر و تحمل کے علاوہ قومیت کی بات کی جانی چاہئے لیکن اقتدار میں رہتے ہوئے بی جے پی اس دہشت گردانہ حملہ کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے ۔پہلگام میں پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات کا جائزہ لینے پر اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ اس واقعہ میں حملہ آوروں سے سیاحوں کو بچانے کیلئے اپنی جان جوکھم میں ڈال کر مقامی عوام نے آگے آتے ہوئے کئی افراد کی جان بچائی ہے اور وہ مسلمان تھے لیکن ان مسلم نوجوانوں کے متعلق بتانے کے بجائے حملہ آوروں کے مسلمان ہونے کی بارہا نشاندہی کرتے ہوئے اس حملہ کو مذہب سے جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے نظریات اور ہندوتوا نظریات سے اتفاق رکھنے والے سوشل میڈیا کھاتوں کے ذریعہ پہلگام واقعہ کو منافرت پھیلانے کا ذریعہ بنایا جانے لگا ہے۔3

پہلگام دہشت گرد حملے کے خلاف بی جے پی کا احتجاج
حیدرآباد : 23 اپریل (سیاست نیوز) کشمیر کے پہلگام میں دہشت گرد حملے کے خلاف حیدرآباد میں بی جے پی نے احتجاج منظم کیا۔ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی، ارکان پارلیمنٹ ایٹالہ راجیندر، کونڈا وشویشور ریڈی، ڈاکٹر کے لکشمن اور دیگر قائدین نے ٹینک بنڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دہشت گرد حملہ کی مذمت کی۔ اس موقع پر پاکستان کے خلاف نعرے بازی کی گئی اور دہشت گردوں کو سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی کہا کہ مرکزی حکومت نے کشمیر کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے کامیاب مساعی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص مذہب ماننے والوں کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا جس کی دنیا بھر میں مذمت کی جارہی ہے۔ دہشت گردی کو پاکستان کی سرپرستی کا الزام عائد کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک کو چاہئے کہ وہ پاکستان کے خلاف کارروائی کریں جو ہندوستان میں دہشت گرد کارروائیوں کی حوصلہ افزائی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزدلانہ حملوں سے ہندوستان کو خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا اور عوام بھی دہشت گردی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔ بی جے پی نے ریاست بھر میں پہلگام دہشت گرد حملے کے خلاف احتجاج منظم کیا ہے۔ 1