ممبئی : شیو سینا (یو بی ٹی) کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے راوت نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں پیش آئے حالیہ دہشت گردانہ حملے کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی کی مبینہ ’’نفرت کی سیاست‘‘کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔ اس حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ چہارشنبہ کے روز نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ، سنجے راوت نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو قومی سلامتی کی ناکامی کا ذمہ دار قرار دیا اور ان سے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سخت الفاظ میں کہا، “امت شاہ اس ملک کی تاریخ کے سب سے ناکام وزیر داخلہ ثابت ہوئے ہیں۔ پوری قوم ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہی ہے ۔ وہ ایک دن کے لیے بھی اس عہدے پر فائز رہنے کے اہل نہیں ہیں۔ راوت نے کہا کہ یہ دہشت گرد حملہ جنوبی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں پیش آیا، جہاں زیادہ تر متاثرین سیاح تھے ۔ ان میں دو غیر ملکی شہری بھی شامل تھے ، جن میں ایک متحدہ عرب امارات سے اور دوسرا نیپال سے تھا، جبکہ دو مقامی باشندے بھی مارے گئے ۔ اس واقعے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ۔