پہلگام سانحہ کے بعد کشمیر میں شعبہ سیاحت کی بتدریج بحالی

   

سری نگر،3 جون (یو این آئی) پہلگام سانحے کے نتیجے میں زائد از ایک ماہ تک وادی کشمیر کے سیاحتی مقامات پر ہو کا عالم چھائے رہنے کے بعد سیاحوں کی کم تعداد میں ہی سہی، آمد کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہونے سے جہاں سیاحتی شعبے میں نئی جان آنے لگی ہے وہیں اس شعبے سے وابستہ لوگوں کی مایوسی کے ظلمت کدوں میں بھی روشنی کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔ گذشتہ چند روز سے ملک کے مختلف حصوں جیسے مہاراشٹر، گجرات اور دیگر ریاستوں سے آنے والے سیاحوں کی چھوٹی چھوٹی ٹولیاں گلمرگ، پہلگام اور دیگر مشہور سیاحتی مقامات کا رُخ ہوئی دیکھی جا رہی ہیں جو شعبہ سیاحت کی حیات نو کی طرف ایک خوش کن اشارہ ہے۔ واضح رہے کہ بائیس اپریل کو پہلگام کے بائیسرن سیاحتی مقام پر دہشت گردانہ حملے میں 25 سیاح اور ایک مقامی شہری جاں بحق ہوئے تھے جس کے بعد وادی میں سیاحوں کی آمد تقریباً بند ہو گئی تھی جبکہ ہزاروں کی تعداد میں سیاحوں نے بُکنگز منسوخ کی تھیں اور خوف کی ایک فضا قائم ہو گئی تھی۔