پہلگام مہلوکین کو چیف منسٹر اور ریاستی وزراء کا خراج

   

اعلیٰ سطحی اجلاس میں دو منٹ کی خاموشی، انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن کی شرکت
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گرد حملہ کی مذمت کرتے ہوئے مہلوکین کو خراج پیش کیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں آج اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی ، دامودر راج نرسمہا ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، ڈی انوسویا سیتکا ، پی سرینواس ریڈی، جوپلی کرشنا راؤ ، اے آئی سی سی سکریٹری وشنو ناتھ ، ارکان پارلیمنٹ ڈاکٹر ملو روی ، کرن کمار ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے دو منٹ کی خاموشی منائی گئی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے کل ملک بھر میں موم بتی یاترا کے فیصلہ کے مطابق نکلس روڈ پر دہشت گرد حملہ کے خلاف احتجاج منظم کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر کشمیر میں موجود تلنگانہ کے سیاحوں کی خیریت دریافت کی ۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ تلنگانہ کے شہریوں کی بحفاظت واپسی کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ سے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں کشمیر کے حکام سے ربط قائم کریں۔ چیف منسٹر نے پولیس اور انٹلیجنس کو ریاست بھر میں چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی جاپان کے ایک ہفتہ طویل دورہ کے بعد کل رات حیدرآباد واپس ہوئے اور انہوں نے آج کمان کنٹرول سنٹر میں ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے کشمیر میں دہشت گرد حملہ کی مذمت کی۔ اجلاس میں حیدرآباد میں دستیاب وزراء اور ارکان پارلیمنٹ کو مدعو کیا گیا۔ وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے کشمیر سے تلنگانہ کے سیاحوں کی واپسی کے انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔1