پہلگام واقعہ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

   

محبوب نگر میں جمعہ کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ، اقلیتی قائدین محمد عبدالرحمن و دیگر کا خطاب
محبوب نگر۔/26 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پہلگام دہشت گردانہ حملہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ حملہ آور دہشت گرد مسلمان نہیں ہوسکتے۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ یہ وضاحت بی آر ایس کے قدآور قائد و سابق مارکٹ کمیٹی چیرمین جنا ب محمد عبدالرحمن ( جے جے آر ) نے کی۔ وہ بعد نماز جمعہ جامع مسجد محبوب نگر کے باب الداخلہ پر میڈیا سے بات کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم گاندھی جی کے نظریات کے علمبردار ہیں اور امن و سلامتی کے قیام کیلئے جدوجہد کرتے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حملہ کے خلاف مرکزی حکومت سے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سخت ترین کارروائی کی جائے ، ہم اس معاملہ میں حکومت کے اقدامات کی بھرپور تائید کریں گے، ہم نے نماز جمعہ کے موقع پر حملہ میں شہید ہونے والوں اور ان کے پسماندگان کیلئے دعائیں کی ہیں۔ بعد نماز جمعہ ملی محاذ کے زیر اہتمام مسلمانان محبوب نگر نے پہلگام حملہ کے خلاف سخت احتجاج درج کروایا۔ سرپرست خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ نے احتجاج کی قیادت کی۔ احتجاج میں محمد تقی حسین تقی، امتیاز اسحاق، محسن خان، مرزا قدوس بیگ، عبداللہ، حافظ ادریس، عبدالرشید، مشتاق و دیگر نے مخاطب کیا۔ حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے اڈوں کو تباہ و تاراج کردیا جائے۔ پاکستان مردہ باد، دہشت گردی مردہ باد، کے نعرے لگاتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف، جنرل عالم منیر کی تصاویر نذر آتش کی گئیں۔ احتجاج میں سینکڑوں نوجوان شامل تھے۔