پہلگام کے عوام امرناتھ یاترا کی حفاظت کریں گے :محبوبہ مفتی

   

سری نگر، 10 جون (یو این آئی) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ پہلگام کے لوگ شری امرناتھ جی یاترا کی حفاظت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگ شری امرناتھ جی یاتریوں کا اسی طرح استقبال کریں گے جس طرح پہلے کرتے تھے ۔موصوف صدر ان باتوں کا اظہار منگل کو پہلگام میں ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیسرن وادی میں جو حادثہ پیش آیا اس کے بعد حالات بدل گئے ، دس ہزار گھوڑے بانوں، ہوٹل والوں، دکانداروں، ٹیکسی والوں، آٹو والوں، سومو والوں کے حالات خراب ہوگئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو بینکوں کا قرضہ ہے جس کی وجہ سے یہ لوگ بہت پریشان ہیں۔ محبوہہ مفتی نے کہا کہ آج میرے یہاں آنے کا خاص مقصد یہ تھا کہ امر ناتھ جی کی یاترا آنے والی ہے اس لئے میں نے اس یاترا کے روٹس پر جو ورکر رہتے ہیں ، ان کو یہاں بلایا اور کہا کہ شری امرناتھ جی یاترا کی رکھوالی یہاں کے لوگوں کو کرنی ہے ، پہلگام کے لوگوں کو کرنی ہے۔