اندرون دو یوم کنٹراکٹرس کے خلاف کارروائی کا امکان ، کمشنر جی ایچ ایم سی دانا کشور کی شدید برہمی
حیدرآباد۔23جون(سیاست نیوز) مانسون کی پہلی بارش سے پیدا شدہ صورتحال نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے اعلی عہدیدارو ںکو برہم کردیا اور کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور نے مانسون کی پہلی بارش کے ساتھ ہی سڑکوں کی ابتر حالت اور شہرکے کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد میں مانسون کی آمد سے پہلے ہی نالوں کی صفائی کے علاوہ برساتی پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے متعدد اقدامات کے علاوہ مین ہولس کو مسطح کرنے اور سڑکو ںکو بہتر بنانے کی کاروائی انجام دی گئی تھی لیکن اس کے باوجود صرف ایک یوم ہونے والی بارش سے شہر حیدرآباد کی کئی نئی سڑکیں بہہ گئیں جس کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔کمشنر جی ایچ ایم سی نے شہر کے کئی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے سڑکوں کی حالت اور مین ہولس میں پیدا ہونے والی خرابیوں کا جائزہ لیتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا جا رہاہے کہ وہ آئندہ دو یوم کے دوران کنٹراکٹرس کے خلاف کاروائی کے سلسلہ میں قطعی فیصلہ کریں گے کیونکہ انہوں نے اپنے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اندرون دو یوم اس سلسلہ میں رپورٹ پیش کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ شہر کے کسی بھی علاقہ میں بارش کا پانی جمع ہونے نہ پائے۔کمشنر جی ایچ ایم سی نے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے رہائشی علاقوں اور شہر کی اہم سڑکوں کی صورتحال پر مکمل تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ نئے مرمتی کاموں میں خرابی کی صورت میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے سخت کاروائی کی جائے گی ۔انہو ںنے ڈی آر ایف ٹیم کے علاوہ دیگر ماہرین کو ہدایت دی کہ وہ شہر میں پانی جمع ہونے کی وجوہات کا جائزہ لیتے ہوئے رپورٹ کی تیاری کی ہدایت دی اور کہا کہ رپورٹ موصول ہونے کے فوری بعد ان امور کو درست کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ شہریوں کو کسی بھی طرح کی تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔گذشتہ دو یوم کے دوران ہوئی بارش کے سبب شہر کے کئی علاقوں میں ٹریفک جام اور پانی کے جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔