نئی دہلی : ملک میں تیزی سے بڑھ رہے کورونا انفیکشن کے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 26,506 کیسز سامنے آئے ، جو اب تک ایک دن میں سب سے زائد ہیں۔ مرکزی وزارت برائے صحت و خاندانی بہبود کی کی جانب سے جمعہ کو جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 26,506 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے کورونا متاثرین کی تعداد 7,93,802 ہو گئی ہے ۔ اس سے ایک روز قبل ہی سب سے زائد 24,879 کیسز سامنے آ ئے ہیں ۔کورونا وائرس کے تیزی سے بڑھ رہے کیسز کے درمیان راحت کی بات یہ ہے کہ اس وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اس دوران 19,135 مریض صحت یاب ہوئے ہیں ، جن کو ملا کرمجموعی 4,95,513 مریض صحت یاب ہوئے ہیں ۔ فی الوقت ملک میں کورونا انفیکشن کے 2,76,685 ایکٹو کیسز ہیں۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 475 ہلاکتوں سے ہلاک شدگان کی تعداد 21,604 ہوگئی ہے ۔ کورونا وبا سے سب سے زائد متاثر مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 6,875 کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرین کی تعداد 2,30,599 ہوگئی اور 219 افراد ہلاک ہوگئے ، جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 9,667 ہوگئی۔ ریاست میں 1,27,259 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔انفیکشن کے معاملے میں دوسرے مقام پر پہنچتے ہی ٹاملناڈو میں متاثرین کی تعداد 1.25 لاکھ سے تجاوز کر گئی ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں کورونا کے کیسز کی تعداد 4,231بڑھ کر 1,26581ہوگئی ہے اور اسی دوران 65 ہلاکتوں سے متوفیوں کی تعداد بڑھ کر 1765 ہوگئی ہے ۔ ریاست میں 78,161افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے ۔قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وبا کی صورتحال اب کچھ قابو میں ہے اور کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی شرح میں قدرے کمی آئی ہے ۔ دارالحکومت میں اب تک 1,07,051 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں
اور اس وبا کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 3,258 ہوگئی ہے ۔ یہاں 82,226 مریض صحت یاب ہوئے ہیں ۔ملک کی مغربی ریاست گجرات کووڈ 19 متاثرین کی تعداد کے معاملے میں چوتھے مقام پر ہے ، لیکن ہلاکتوں کی تعداد کے معاملے میں یہ مہاراشٹر اور دہلی کے بعد تیسرے مقام پر ہے۔ گجرات میں اب تک 39,194 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور 2,008 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ریاست میں 27,718 افراد اس وبا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں اب تک کورونا وائرس کے 32,362 کیسز سامنے آئے ہیں اور 862 افراد اس وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 21,127 مریض صحت یاب ہو ئے ہیں۔جنوبی ہندوستان کی ریاستوں کرناٹک اور تلنگانہ میں کورونا وائرس کے کیسز بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ کرناٹک میں 31,105افراد متاثر ہوئے ہیں اور 486افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ریاست میں بھی 12,833 افراد صحت ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں متاثرین کی تعداد 30,946 تک پہنچ چکی ہے اور 331 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اب تک 18,192 افراد اس وبا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔