پہلی بار ایک مسجد طرز تعمیر کے ایوارڈ کیلئے نامزد

   

لندن : برطانیہ کے سب سے بڑے آرکیٹیکٹ ایوارڈ اسٹرلنگ پرائز کے لیے پہلی بار ایک مسجد نامزد ہوئی ہے۔کیمبرج سینٹرل مسجد لکڑی کے ڈھانچہ پر تیارکی گئی ہے، یہ مسجد سبز توانائی پر زیادہ انحصار کرنے والی یورپ کی پہلی ماحول دوست یا ایکو فرینڈلی مسجد ہے۔مسجد کا ڈیزائن اسلامی اور انگریزی تعمیراتی روایات کا حسین امتزاج ہے، اس مسجد کی تعمیرپر تقریباً 2 کروڑ برطانوی پاؤنڈز خرچ ہوئے۔مسجد میں ایک ہزار افراد بیک وقت نماز ادا کرسکتے ہیں، اس مسجد کو 24 اپریل 2019 کو عوام کے لئے کھول دیا گیا تھا۔بہترین فن تعمیرکے باعث مسجد کو اسٹرلنگ پرائز کے لیے نامزد کیا گیا ہے، انعام کا اعلان 14 اکتوبرکو کیا جائیگا۔

کینیا کے ساتھ دیرینہ تنازعہ میں صومالیہ کی کامیابی
دی ہیگ : کینیا اور صومالیہ کے مابین ان کی سمندری حدود سے متعلق دیرینہ تنازعے میں دی ہیگ کی بین الاقوامی عدالت انصاف نے اپنا فیصلہ صومالیہ کے حق میں سنا دیا۔ عدالت نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے مابین کوئی طے شدہ سمندری حدود موجود ہی نہیں۔ ساتھ ہی اس عدالت کے ججوں نے ان ممالک کے مابین نئی سمندری حدود کا تعین بھی کر دیا۔ یوں بحر ہند میں مبینہ طور پر قدرتی وسائل سے مالا مال متنازعہ سمندری خطے کا کافی بڑا حصہ صومالی سمندری علاقہ قرار دے دیا گیا ہے۔ کینیا کے صدر کینیاٹا نے اس عدالتی فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کینیا اسے تسلیم نہیں کرے گا۔ صومالیہ اس دو طرفہ تنازعے کو سن دو ہزار چودہ میں اقوام متحدہ کی اس عدالت میں لے گیا تھا۔