نئی دہلی : اسٹاف سلیکشن کمیشن پہلی مرتبہ ہندی اور انگریزی کے علاوہ 13 علاقائی زبانوں میں ملٹی ٹاسکنگ (نان ٹیکنیکل) اسٹاف امتحان منعقد کرے گا۔13 زبانیں اردو، تامل، ملیالم، تلگو، کنڑ، آسامی، بنگالی، گجراتی، کونکنی، منی پوری (میٹی بھی)، مراٹھی، اوڑیا اور پنجابی ہیں۔ایس ایس سی مختلف مرکزی وزارتوں/محکموں میں تمام گروپ بی (نان گزیٹیڈ) اور گروپ سی (نان ٹیکنیکل) جائیدادوں پر بھرتی کے عمل کا کام کرتا ہے۔مرکزی وزیر مملکت برائے عملہ‘ عوامی شکایات اور پنشن جتیندر سنگھ نے کہا کہ یہ اقدام وزیر اعظم نریندر مودی کے تمام ملازمت کے خواہشمندوں کو برابری کا موقعہ فراہم کرنے کے وژن کے مطابق ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ زبان کی رکاوٹ کی وجہ سے کسی کو موقع نہ دیا جائے یا اسے محرومی محسوس نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے مختلف ریاستوں بالخصوص جنوبی ہندوستان کے امیدواروں کی دیرینہ طلب کو پورا کیا جائے گا، کیونکہ اب تک امتحانات صرف انگریزی اور ہندی میں لیے جا رہے تھے۔اسے ایک تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ آئین کے آٹھویں شیڈول میں مذکور تمام زبانوں کو آہستہ آہستہ شامل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔سنگھ نے کہا کہ یہ ایس ایس سی کی مسلسل کوشش ہے کہ آبادی کے مختلف حصوں کو ایک برابری کا میدان فراہم کیا جائے تاکہ علاقائی تفاوت کو ختم کیا جا سکے اور آئین کے نظریات کو حاصل کیا جا سکے اور ساتھ ہی ساتھ ہمارے ملک کے لسانی تنوع کو بھی فروغ دیا جا سکے۔وزیر نے کہا کہ کمیشن کے ذریعہ منعقدہ امتحانات کی اسکیم اور نصاب کا جائزہ لینے کے لئے، محکمہ عملہ اور تربیت نے ایک ماہر کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اسٹاف سلیکشن کمیشن نے 18 جنوری سے اپنے ویب سائیٹ پر درخواست فارم جاری کئے ۔ جنہیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 17 فروری 2023 ہے ۔ امتحانات کے اپریل 2023 کے منعقد ہونے کا امکان ہے تاہم اسٹاف سلیکشن کمیشن کی جانب سے قطعی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ امتحانی مراکز پر تمام قواعد پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔